Chitral Times

Jan 23, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گندم کی معیار کے مسئلے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، نمونے نیشنل لیبارٹری بھیجوادیئے گئے ہیں۔ وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

Posted on
شیئر کریں:

گندم کی معیار کے مسئلے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، نمونے نیشنل لیبارٹری بھیجوادیئے گئے ہیں۔ وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ محکمہ خوراک میں شفافیت کے لیے عمران خان کے وژن کے مطابق اصلاحات کا عمل جاری ہے، جس میں محکمہ کی ری اسٹرکچرنگ اور ڈیجیٹلائزیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے بیشتر امور ڈیجیٹائز ہو چکے ہیں اور باقی جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خوراک نے پشاورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر محکمہ خوراک کے افسران بھی موجود تھے,ظاہر شاہ طورو نے بتایا کہ وزارت سنبھالنے کے وقت گوداموں میں 1 لاکھ 41 ہزار میٹرک ٹن گندم ذخیرہ تھی، جس میں سے 77,762 میٹرک ٹن گندم 2021 میں یوکرائن سے درآمد کی گئی تھی۔ یہ گندم گزشتہ نگران حکومت نے 2023 میں پاسکو (PASSCO) سے خریدی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ گندم کے معیار کی جانچ پڑتال کے لیے 30 نمونے PCSIR اور قرشی لیبارٹریوں کو بھیجے گئے تھے، لیکن دونوں لیبارٹریز کے نتائج مختلف قرار پائے گئے۔

 

ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ نتائج مختلف آنے کے بعد صوبائی کابینہ نے مائیکروبائیولوجسٹ، زراعت، فوڈ سائنس، اور فوڈ سیفٹی ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ گندم کے معیار کی مزید جانچ پڑتال کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی گندم کے نمونوں کو نیشنل لیبارٹری آف مائیکروبیالوجی فیصل آباد لے کر گئی ہے، اور اگلے ہفتے نتائج متوقع ہیں۔ ان نتائج کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا کہ یہ گندم انسانی استعمال کے لیے محفوظ ہے یا نہیں۔صوبائی وزیر خوراک نے یقین دہانی کرائی کہ گندم کی معیار کے مسئلے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، خواہ اس کے لیے کوئی بھی قربانی دینا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں کو ناقص گندم فراہم کی جاتی تھی، ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو اعلیٰ معیار کی گندم اور آٹا فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) کے مطابق، گندم میں افلاٹاکسینز (پھپھوندی) کی مقدار 20 پی پی بی تک ہو تو خوراک کے لیے قابلِ استعمال ہوتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی گزشتہ گندم خریداری مہم کے دوران خریدی گئی گندم محفوظ اور اعلیٰ معیار کی ہے، اور یہ عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
97632