گزشتہ شب بریپ حادثے کے بعد زخمیوں کو بہتر دیکھ بال کرنے پر مستوج رورل ہیلتھ سنٹر اور ریسکیو 1122کے عملے کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ غفار احمد ودیگر عمائدین کی میڈیا سے گفتگو
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ہفتہ کی شب اپر چترال کے گاؤں بریپ کے قریب لینڈکروزر گاڑی کے حادثے کے بعد زخمیوں کو بہتر دیکھ بال کرنے پر زخمیوں کے اہل خاندان اور علاقے کے عوام نے آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان (AKHS,P)کے زیر انتظام مستوج کے رورل ہیلتھ سنٹر کے عملے کی تعریف کی ہے۔ لوکل کونسل بریپ کے صدر غفار احمد اور زخمیوں کے ساتھ مستوج آنے والے لواحقین نے کہاکہ ہسپتال میں بجلی نہ ہونے کے باوجود رات12بجے سے صبح جنریٹر لگاکر ہسپتال انتظامیہ نے زخمیوں کی علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جوکہ قابل داد ہے۔ انہوں نے کہاکہ مستوج ہسپتال میں زخمیوں کو بہتر ابتدائی طبی امداد دے کر انہیں بونی اور چترال ریفر کرنے پر ان کی جانیں بچ جانے کے امکانات بڑھ گئے جس کے لئے وہ اے کے ایچ ایس کے انتظامیہ کا شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لاسپور اور یارخون کے دوردرازعلاقوں میں سڑک کے حادثات کی صورت میں رورل ہیلتھ سنٹر مستوج کی کارکردگی ہمیشہ قابل تعریف رہا ہے۔انھوں نے ریسکیو 1122ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا ہے، جنھوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کوفرسٹ ایڈ کے ساتھ بروقت ہسپتال پہنچانےمیں کردار ادا کیا۔انھوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 سروس مستوج میں شروع ہونے کے بعد علاقے کے عوام کوانکی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ انکے مشکلات میں بھی کافی حد تک کمی آئی ہے۔ جوکہ انتہائی خوش ائندہے۔


