گرینڈ جرگے کے ذریعے کرم کے معاملے کا پر امن اور پائیدارحل نکل آئے گا۔ وزیراعلیٰ
گرینڈ جرگے کے ذریعے کرم کے معاملے کا پر امن اور پائیدارحل نکل آئے گا۔ وزیراعلیٰ
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے گزشتہ روز کرم کے معاملے پر قائم گرینڈ جرگے کے ممبران نے وزیر اعلیٰ ہاو س میں ملاقات کی جس میں کرم کے مسئلے کے حل کےلئے باضابطہ مذاکرات کے آغاز اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف بھی اس موقع پر موجود تھے۔جرگہ اراکین میں سابق وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری، سابق سینیٹر صالح شاہ، سابق سینیٹر سجاد خان، سابق وفاقی وزیر جی جی گلاب جمال، سابق گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ، سینیٹر عبدالرزاق اور دیگر شامل تھے۔جرگہ اراکین نے معاملے کو پرامن انداز میں حل کرنے کےلئے ہر ممکن کوششیں کرنے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو ہر مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور جرگہ اراکینِ نے کرم کے مسئلے کو جرگے کے ذریعے پر امن طریقے سے حل کرنے کےلئے وزیر اعلیٰ کی کوششوں کو سراہا۔ گرینڈ جرگہ اگلے چند دنوں میں کرم کا دورہ کرکے فریقین کے ساتھ بات چیت شروع کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کرم معاملے کے حل کےلئے صوبائی حکومت کو اپنا تعاون فراہم کرنے پر جرگہ اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت جرگہ اراکین کو علاقے میں جا کر مذاکرات کرنے کےلئے درکار تمام سہولیات اور سپورٹ فراہم کرے گی، امید ہے گرینڈ جرگے کے ذریعے کرم کے معاملے کا پر امن اور پائیدارحل نکل آئے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورکا ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل وین اور چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل وین اور چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر میر غلام کی شہادت پر ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلدصحتیابی کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو فائرنگ کے واقعات میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں اور انکی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ دریں اثناء، وزیر اعلیٰ نے بنوں کے علاقے جانی خیل سین تنگہ میں مارٹر گولہ کو کھلونا سمجھ کر کھیلتے ہوئے تین بچوں کی شہادت پر بھی انکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہارکیا ہے۔