Chitral Times

Dec 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گرم چشمہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گرم چشمہ روڈ سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے دھرنا

شیئر کریں:

گرم چشمہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ، مسائل کے حل کے لئے دھرنا

گرم چشمہ (نمائندہ چترال ٹائمز)آج گرم چشمہ میں ایل ڈی ایف کے زیر اہتمام پرامن مگر بہت بڑے احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں تجار یونین اور ڈرائیور یونین کی بھر پور شرکت نے جلسہ کی اہمیت اور علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے میں بہترین کردار ادا کیا۔ جلسے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد ایل ڈی ایف کے جنرل سیکریٹری نظار شاہ نے گزشتہ ہفتے ہونے والے جلسے کے دوران کئے گئے مطالبات کے بارے میں جلسے کے شرکاء کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں احتجاج پر مجبور کیا جارہا ہے یہ لوگوں کا جم غفیر اس بات کا ثبوت ہے کہ علاقہ کتنے بڑے مسائل کا شکار ہوا اور ارباب اختیار صرف تماشا دیکھ رہے ہیں۔

ایل ڈی ایف کے صدر نصرت الہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم این ایچ اے کے آنے کے بعد انتہائی خوش تھے کہ ملک کا سب سے معتبر نام گرم چشمہ روڈ پر بہترین کام کرے گا مگر ہمیں این ایچ اے کے کام کرنے کے انداز اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ دیکھ شدید دکھ ہوا ہے۔ آج ایک مہینہ ہوا چومبور پل ٹوٹنے کے بعد مگر این ایچ اے والے پل کی تعمیر کے بجائے علاقے کے لوگوں کا صبر آزما رہے ہیں۔ ہم آج اس پلیٹ فارم سے این ایچ اے حکام کو وارننگ دے رہے ہیں کہ وہ ہمارے صبر کا امتحان لینے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔جس عارضی پل کی تعمیر کے وہ دعویدار ہیں وہ پل گرم چشمہ کے عوام نے ایل ڈی ایف، ڈرائیور یونین اور بازار یونین کے رضاکاروں کے ذریعے بنایا ہے۔

این ایچ اے نے اس پل پر کیا خرچ کیا جو اس کا کریڈیٹ لے رہا ہے اور کیا یہ پل انسانوں کے سفر کے قابل ہیں۔ اپنے اے سی والے کمروں سے باہر آکر کبھی فیلڈ میں آکر اپنے کرتوتوں کا معائنہ بھی کیا کریں۔ خطیب جامع مسجد گرم چشمہ نے کہا کہ جب تک حق مانگا نہیں جائے گا اس وقت تک کوئی بھی آپ کا حق کبھی نہیں دے گا۔ این ایچ اے والوں اب تک ہمارا پرامن احتجاج دیکھا ہے۔ ہم اپنے حق کے حصول کے لئے کسی بھی دروازے تک جانے کو تیار ہیں یہ احتجاج یہاں سے شروع ہوا ہے مگر مطالبات پر کام شروع نہ ہونے کی بنا پر ہم ڈی سی آفس، این ایچ اے کے دفتر اور صوبائی اسمبلی کے سامنے بھی دھرنا دینے کو تیار ہیں۔

سماجی کارکن خوش محمد نے کہا کہ اداروں کے ذمہ داروں کا یہ حال ہے وہ اپنے پرتعیش دفترات سے باہر آنے کو تیار نہیں۔ وہ صرف مراعات لینے کے لئے وہیں بیٹھے ہوئے ہیں کام کرنے کے لئے کوئی نہیں۔ ہم ایل ڈی ایف کے مشکور ہیں کہ لٹکوہ کے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کردیا۔ اتحاد کے اس پلیٹ فارم سے ہم این ایچ اے کے چیئرمین کی انتہائی غیرذمہ دارانہ رویے کے مدنظر ان سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہمارے مطالبات اگر نہیں مانے گئے تو ہم اگلا دھرنا ڈی سی آفس چترال میں دیں گے۔

تجار یونین کے صدر گوہر شاہ نے کہا کہ ہمارے مطالبات اگر نہیں مانے گئے تو ہم مہینوں بازار بند رکھنے کو تیار ہیں۔ بازار کھولنے کا بھی کوئی فائدہ نہیں کیونکہ پل ٹوٹا ہوا ہے اور ہم سامان گرم چشمہ بازار پہنچا نہیں سکتے۔ ڈرائیور یونین کے صدر مہتاب نے کہا کہ جس عارضی پل کے بارے میں این ایچ اے والے دعوی کررہے ہیں وہ پل ہم نے بنایا ہے ایک مہینہ گزرنے کے باوجود کیوں پل پر اب تک کوئی ذمہ دار شخص نہیں آیا۔ یہ لوگ ہمارا تماشا بنا رہے ہیں۔ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے سے قبل پل کی مرمت کا کام مکمل کیا جائے۔ ورنہ ہم کل سے شروع ہونے والے پہیہ جام ہڑتال کو مہینوں تک برقرار رکھ سکتے ہیں۔

کریم آباد سے تعلق رکھنے والے ایل ڈی ایف کے سینئر ممبر اور ممتاز سماجی کارکن میردولہ نے کہا کہ ہم لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کا ہر طرح سے ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں۔ آج ہم کریم آباد سے صرف آپ لوگوں کے ساتھ یک جہتی کے لئے آ:ے ہیں۔ آپ لوگ جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں اپنے شانہ بشانہ پائیں گے۔ آخر میں چیئرمین ایل ڈی ایف نے تمام شرکاء کا شکریہ اداکرنے کے بعد کہا کہ لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم، تجار یونین،ڈرائیور یونین اور یہاں موجود علاقے کے عوام اپنے کسی ذاتی مقصد کے لئے یہ احتجاج نہیں کررہے ہیں بلکہ ایک قومی مسئلے پر آواز اٹھارہے ہیں آپ سب ہماری ایک کال پر ہمیشہ یہاں آتے ہیں اس کے لئے ہم آپ سب کے مشکور ہیں۔ ہمارے مطالبات پر این ایچ اے اور دوسرے ذمہ دار ادارے ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہیں اس لئے لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم، تجار یونین اور ڈرائیور یونین علاقے کے عوام کی مفاد کے پیش نظر آج سے مسائل کے حل تک دھرنے کا اعلان کررہے ہیں۔ ہم گرم چشمہ پولو گراؤنڈ میں چوبیس گھنٹے موجود رہیں گے۔ ہمیں معلوم ہے کہ گرم چشمہ کے عوام ہمارا ساتھ دیں گے۔اخری اطلاع تک رات گئے گرم چشمہ کے عمائدین دھرنے میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

chitraltimes garamchashma strike 2
chitraltimes garamchashma strike 5
chitraltimes garamchashma strike 6
chitraltimes garamchashma strike 7
chitraltimes garamchashma strike 8
chitraltimes garamchashma strike 4
chitraltimes garamchashma strike 3
chitaltime ldf garamchashma strike dharna

گرم چشمہ


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
54840