گرم چشمہ میں احتجاج کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری، پہیہ جام کی وجہ سے مریضوں اور عام مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا
گرم چشمہ میں احتجاج کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری، پہیہ جام کی وجہ سے مریضوں اور عام مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا
گرم چشمہ (نمائندہ)گرم چشمہ روڈ کی ناقص مرمت اور سفر کے لئے ناقابل استعمال ہونے کی وجہ سے احتجاج کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری رہا۔ ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے این ایچ اے حکام کے ذریعے 19 دسمبر تک گرم چشمہ روڈ کے تمام نالوں، پلوں اور متاثرہ دیواروں پر مرمت کے آغاز کا وعدہ کیا ہے۔ مگر علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ وہ دہائیوں سے گرم چشمہ کے عوام کو صرف وعدوں کے ذریعے دلاسہ دیا جارہا ہے۔ ہم اب وعدوں پر بھروسہ کرنے کو تیار نہیں ہیں جب تک عملی کام کا آغاز نہ ہو ہم اپنی احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انجی گان ڈرائیور یونین کی کال پر شروع ہونے والے اس احتجاج میں اب علاقے کے تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہوگئے ہیں جس میں ایل ڈی ایف، بلدیاتی نمائندگان، تمام ڈرائیور یونین ز، آرکاری، کریم آباد کے ڈرائیورز یونین، تاجر یونین اور علاقے کے عوام بھرپور طریقے سے احتجاج میں روزانہ کی بنیاد پر شرکت کررہے ہیں۔
ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے احتجاج میں شامل ایل ڈی ایف کے صدر نصرت الہی کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج ایک جائز حق کے لئے کیا جارہا ہے۔ جائز حق تسلیم کیا جائے اور گرم چشمہ روڈ انسانی سفر کے قابل بنانے کے کام کا آغاز کیا جائے۔ہم احتجاج کو موخر کردیں گے۔
ڈرائیور یونین کے نمائندوں کا کہناتھا کہ یہ مسئلہ اب صرف ڈرائیورز کا نہیں رہا بلکہ احتجاج میں اب علاقے کے تمام لوگوں نے حصہ لینا شروع کیا ہے۔ این ایچ اے حکام وعدوں پر ٹرخانے کی بجائے کام کا آغاز کریں گے تو احتجاج موخر ہوسکتا ہے۔ دوسری صورت میں احتجاج مزید سخت ہوتا جائے گا۔ جس میں شٹرڈاؤں ہڑتال کے ساتھ لوٹ کوہ کی تمام علاقوں کے لئے پہیہ جام کا سلسلہ شروع کرنا بھی شامل ہے۔