گرم چشمہ روڈ سال رواں پی ایس ڈی پی میں شامل نہ ہونے کی صورت میں اگلے کسی بھی انتخابی عمل کے دوران ووٹ نہیں ڈالیں گے۔ عمائدین تحریک لوٹ کوہ
گرم چشمہ (نمائندہ چترال ٹائمز) پیر کے دن گرم چشمہ میں تحریک لوٹ کوہ کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے کے عمائدین اور علاقے کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لوٹ کوہ کے سربراہ نواب خان نے کہا کہ ہم گرم چشمہ روڈ کی مرمت کے لئے تحریک کا آغاز نہیں کیا بلکہ گرم چشمہ روڈ اپنا وجود کھو چکا ہے اور نئے سرے سے روڈ کی تعمیر کے لئے ہم تحریک چلا رہے ہیں۔ ہماری تحریک گرم چشمہ روڈکی تعمیر نو سے کم کسی بھی بات پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔
تحریک کے صدر نصرت الہی نے کہا کہ ہم ریاست کے شہری ہیں اور اپنا بنیادی حق مانگ رہے ہیں۔ پورے پاکستان میں صرف وادی لوٹ کوہ کے 70 ہزار عوام ہی ایسے ہیں جن کے مسائل کے حل کے لئے ہماری ریاست کے پاس فنڈز موجود نہیں۔ جب بھی پی ایس ڈی پی سے کچھ ڈراپ کرنا ہو تو ریاست اور حکومت کو گرم چشمہ روڈ کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔ اس سوتیلے پن کو ہم کافی عرصے سے دیکھ رہے ہیں مگر علاقے کے عوام کا صبر جواب دے چکا ہے۔ہمیں کسی بھی بڑے احتجاجی المیے سے قبل حکومت کو خبردار کررہے ہیں کہ وادی لوٹ کوہ کے ستر ہزار لوگ بھی اسی ریاست کے شہری ہیں جس پر آپ حکمران بن کر بیٹھے ہیں۔ ہمیں ہمارے جائز حق سے محروم نہ کیا جائے۔
اجلاس سے تحریک کے سیکریٹری جنرل علاؤالدین حیدری، سابق ناظم نظار شاہ،شیر اعظم اور علاقے کے نوجوانوں نے بھی خطاب کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ریاست ہمارے جائز حقوق سے ہمیں محروم نہ کرے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وادی لوٹ کوہ کے نمائندے صرف ووٹ کے وقت گرم چشمہ اور اس کے مسائل کو یاد کرکے آجاتے ہیں۔ باقی اوقات میں یا تو سوتے رہتے ہیں یا پھر ذاتی ملاقاتوں کو علاقائی احسانات بنا کر سوشل میڈیا کی زینت بنا رہے ہوتے ہیں۔ ہم اپنے تمام سیاسی نمائندوں سے گزارش کررہے ہیں کہ آج کے بعد یا تو تحریک لوٹ کوہ میں شامل ہو کر ہمارے ساتھ رہیں۔ دوسری صورت میں انتخابات کے دوران بھی ووٹ مانگنے وادی لوٹ کوہ نہ آئیں۔