Chitral Times

Sep 15, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کوہاٹ دوست مہم ضلعی حکومت کاایک منفرد پروگرام……تحریر۔ارشاد آفریدی کوہاٹ

Posted on
شیئر کریں:

گزشتہ ساڑھے 4سالوں کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کے عوامی مفاد میں کئے جانے والے انقلابی اقدامات اور فیصلوں کی نظیر ملک میں کہیں بھی نہیں ملتی ۔صحت، تعلیم،پولیس ، زراعت،لینڈ ریکارڈ حتیٰ کہ ہر محکمے اور شعبے میں اصلاحات کی گئیں جن کے ثمرات سے آج صوبہ کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے 2013ء میں ایک انقلابی اور قابل تقلیدلوکل گورنمنٹ ایکٹ پاس کیا جس کے تحت صوبے بھر میں مقامی حکومتیں بنیں اورحسب وعدہ اپنے منشور کے مطابق اقتدار بھی حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کیا۔ 2015 ء میں بلدیاتی انتخابات ہوئے جس میں کوہاٹ کی 91 ویلج و نیبرہوڈ کونسلوں میں 971 ناظمین ، نائب ناظمین اورمنتخب نمائندوں کی صورت میں ایک قابلِ قدر ورک فورس سامنے آئی جسے مناسب سہولیات اور آگاہی فراہم کرکے حقیقی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا تھا۔ضلع کوہاٹ کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم لے کر ضلعی حکومت اور انتظامیہ نے محکمہ بلدیات کے تعاون سے 6 دسمبر کوکوہاٹ دوست مہم کا آغاز کیا ہے۔7 نکات پر مبنی اس مہم کے تحت منتخب بلدیاتی نمائندے متعلقہ ویلج و نیبرہوڈ کونسل میں صفائی ستھرائی،ہوائی فائرنگ سے گریز، خالص دودھ اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی فراہمی، جعلی ادویات کی فروخت کی روک تھام، نرخناموں کی جانچ پڑتال،مصالحتی کمیٹیوں کی فعالیت سمیت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں افتتاحی تقریب کے دوران مہم کے7 نکات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے ضلع ناظم محمد نسیم آفریدی اور ڈپٹی کمشنر خالد الیاس کا کہنا تھاکہ یہ مہم لوکل گورنمنٹ 2013ء کی اصل روح کے عین مطابق ہے اور اس سے عوام کے زیادہ تر بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونے میں مدد ملے گی ۔ویلج و نیبرہوڈ کونسلز پہلے ہی اپنے ترقیاتی فنڈز کا 20 فیصد صفائی اورکوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے مختص کر چکی ہیں جسے استعمال کرتے ہوئے مختلف علاقوں کو صاف کیا جا چکا ہے اوربعض میں کام جاری ہے۔اسی طرح عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر ضلع کی سطح پر ایک صفائی مہم چلائی جائے گی اور عوام کو اس میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں صفائی کے بارے میں شعور اجاگر کیا جائے گا۔کوہاٹ دوست مہم میں شامل دوسرا اہم کام ہوائی فائرنگ سے اجتناب اور اس کی روک تھام ہے کیونکہ یہ ہر سال کئی قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہے۔ ضلعی حکومت و انتظامیہ نے انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ا س کے خلاف اقدامات کو کوہاٹ دوست مہم کا حصہ بنایا۔ عوامی نمائندے اپنے متعلقہ علاقوں کے حجروں اور مساجد میں اعلانات کرکے ہوائی فائرنگ کے خلاف عوامی شعوربیدار کریں گے جبکہ ہر جمعرات کو آئندہ ہفتے ہونے والی شادیوں کی تفصیلات متعلقہ ایس ایچ او کو مہیا کریں گے۔ان تمام اقدامات کے بعد بھی ہوائی فائرنگ کی صورت میں دلہا اوراس کے والد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ویلج و نیبرہوڈ کونسلز سے منتخب عوامی نمائندے اپنے حلقے میں ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ضلعی انتظامیہ نے اس ضمن میں ایک لیبارٹری کی سہولت بھی مہیا کردی ہے۔عوامی نمائندے خفیہ طریقے سے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری کو بھجوا سکتے ہیں اورملاوٹ کی تصدیق کی صورت میں ڈپٹی کمشنر کو براہ راست رپورٹ کریں گے جوکہ اس دکاندار کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائیں گے۔اسی طرح منتخب نمائندے اس قبیح عمل کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے کے علاوہ ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں کے سوشل بائیکاٹ کی راہ بھی ہموار کریں گے۔کوہاٹ دوست مہم میں عوام کو خالص اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور جعلی ادویات کی روک تھام کو بھی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔اس ضمن میں منتخب نمائندے معلومات ضلعی انتظامیہ کو فراہم کریں گے جس پر موثر کارروائی کی جائے گی جبکہ ملاوٹ شدہ اور زائد المیعاد اشیاء کی فروخت کرنے والوں کا سماجی اورعوامی بائیکاٹ بھی کیا جائے گا۔جیسا کہ ہم سب کومعلوم ہے کہ گرانفروشی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف سمجھی جاتی ہے جس سے لوگوں کی قوت خرید پر برا اثر پڑتا ہے۔کوہاٹ کے عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں پھل وسبزیوں ،گوشت و دیگر اشیاء کی مقررہ نرخنامہ کے مطابق فروخت کی جانچ پڑتال کریں گے اور گرانفروشی کی صورت میں کارروائی کے لیے ڈپٹی کمشنراور ضلع ناظم کو آگاہ کریں گے۔خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں چھوٹے چھوٹے مقدمات،لڑائی جھگڑوں اور گھریلو ناچاکی کے مقدمات کوتھانوں سے باہر ہی حل کرنے کے لیے بنائی گئی مصالحتی کمیٹیوں کی فعالیت اور ان کو مزید کارآمد بنانے کے لیے بھی منتخب نمائندے اپنا اہم کردار ادا کریں گے اور اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کریں گے۔کوہاٹ دوست مہم کا 7واں اوراہم نکتہ خدمات کی فراہمی ہے۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کی سیکشن29کی جزو(ا)کے تحت منتخب عوامی نمائندے اپنی ویلج و نیبرہوڈ کونسل کی حدود میں واقع سرکاری دفاتر اور اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھیں اور نگرانی کریں گے۔ان اداروں میں تعلیم، صحت، پولیس،پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ،زراعت، لائیوسٹاک ، مال کے محکمے شامل ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ بلدیات کوہاٹ کاشف الرحمان کوہاٹ دوست مہم کو خوش آئند قرار دیتے ہیں اور پرامید ہیں کہ یہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے گڈگورننس کے وژن کی جانب اہم قدم ثابت ہوگی اور اس پر من و عن عملدرآمد سے عوام یقیناًواضح اور حقیقی تبدیلی محسوس کریں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
3499