Chitral Times

Sep 15, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورونا وائرس کا خدشہ، محکمہ صحت نے پشاورائیرپورٹ پراضافی صحت عملہ تعینات کر دیا

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاورپر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مسافروں کی اسکریننگ کے لیے اضافی صحت عملہ تعینات کر دیا ہے۔ اس امر کا فیصلہ سیکریٹری صحت خیبرپختونخوا محمد یحیٰی اخوانزادہ اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر طاہر ندیم کے ایئرپورٹ کے دورے کے دوران کیا گیا۔ سیکریٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل نے ائیرپورٹ پر کورونا وائرس کے حوالے سے مسافروں کی اسکریننگ اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ائیرپورٹ منیجر عبید الرحمٰن، ڈائریکٹر ہیلتھ ضم اضلاع ڈاکٹر حیات خان اور دیگر ائیرپورٹ حکام موجود تھے۔ سول ایوی ایشن کے ڈاکٹر جاوید اور ڈاکٹر کشمالہ نے مسافروں کی اسکریننگ اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پشاور ائیرپورٹ پر محکمہ صحت کے عملے کی تین شفٹوں میں فراہمی یقینی بنانے کے لیے اضافی عملہ کی تعیناتی کی گئی ہے۔ مسافروں کی اسکریننگ کے لیے ایک شفٹ کے لیے 8 جبکہ مجموعی طور پر 24 اہلکاروں کی ائیرپورٹ پر ڈیوٹی لگائی گئی ہے جو کہ آج سے اپنے فرائض سنبھال چکے ہیں۔ اس عملے میں ماہر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس شامل ہیں۔ بیرون ملک سے آنے والے ہر مسافر کی اسکریننگ کو یقینی بنانے کے لیے دو جگہ سکریننگ کاؤنٹر بنائے گئے ہیں تاکہ ہر مسافر کی صحت کی جانچ پڑتال ہو سکے۔ کورونا وائرس کا کوئی مشتبہ کیس سامنے آنے کی صورت میں اسے کورونا وائرس کے لیے مختص سروسز ہسپتال تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس سروس چوبیس گھنٹے میسر ہو گی جبکہ مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلریشن کارڈز لینے کے لیے بھی الگ کاؤنٹر بنایا گیا ہے۔ سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹ پر موجود صحت عملے کو تھرمل سکینر کے ساتھ ساتھ تھرمل گن بھی مہیا کی گئی ہیں۔ محمد یحیٰی اخوانزادہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ائیرپورٹ پر تعینات صحت سٹاف کے لیے کھانے اور پک اینڈ ڈراپ سروس کا بھی فوری انتظام کیا جائے۔
……………………………..
کوروناوباء سے نمٹنے کے لیے تمام محکموں کا مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ
سیکرٹری صحت کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا پبلک ہیلتھ کمیٹی کا چوتھا اجلاس
پاک فوج، سول ایوی ایشن اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں کی شرکت
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌ خیبرپختونخوا میں کورونا وباء کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے نمٹنے کے لیے تمام لائن ڈیپارٹمنٹس نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے کا اعادہ کیا ہے۔ صوبے میں صحت ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد خیبر پختونخوا پبلک ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جو کہ مجموعی طور پر کمیٹی کا چوتھا اجلاس تھا۔ صوبائی سیکریٹری صحت محمد یحیٰی اخوانزہ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں محکمہ ماحولیات، فنانس، لائیو سٹاک، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پی ڈی ایم اے، زراعت، ہیلتھ کیئر کمیشن، فوڈ سیفٹی اتھارٹی سمیت دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کورونا وائرس سے متعلق اجلاس میں پاک فوج، سول ایوی ایشن اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اسپیشل سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر طاہر ندیم سمیت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شاہین آفریدی بھی اجلاس میں شریک تھیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے اجلاس کو کورونا وائرس کے عالمی سطح پر پھیلاؤ، تدارک، حفاظتی تدابیر اور دیگر اعداد و شمار سے آگاہ کیا گیا۔ صوبے میں صحت ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پبلک ہیلتھ کمیٹی کے ممبران نے محکموں پر عائد ہونے والی ذمہ داریوں پر انہیں بریفنگ دی گئی اور ملک خصوصاً صوبے کے بہتر مفاد میں بھرپور تعاون کی استدعا کی گئی۔ کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اب تک کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے نامزد فوکل پرسنز اجلاس منعقد کر کے
کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پلان ترتیب دیں گے۔ اسی طرح بارڈرز اور ائیرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ صحت پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ (PPEs) اضلاع کے ہسپتالوں میں اور دیگر مراکز صحت کو مہیا کر رہا ہے۔
KP Secretary Health 1 scaled

…………………………………
کورونا وائرس کے پیش نظر صوبے کے 98 نجی ہسپتالوں میں بھی 387 آئسولیشن بیڈز مختص
فوکل پرسنز بھی نامزد، آئسولیشن بستروں کی مجموعی تعداد 894 ہوگئی۔
.
دریں اثنا خیبرپختونخوا میں صحت ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد نجی ہسپتالوں میں بھی آئسولیشن وارڈز اور بستر مختص کر دیئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ہیلتھ کیئر کمیشن خیبرپختونخوا نے نجی ہسپتالوں کو ہدایات جاری کی تھیں جس کے بعد ان ہسپتالوں میں بھی کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے نمٹنے کے لیے علیحدہ وارڈز اور بستر مختص کیے گئے ہیں۔ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور کے 22 نجی ہسپتالوں میں 187 آئسولیش بستر مختص کیے گئے ہیں۔ ضلع ایبٹ آباد کے 5 نجی ہسپتالوں میں 55 جبکہ مردان کے 17 ہسپتالوں میں 37 بستر کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے علاج کے لیے پیشگی اقدام کے طور پرمخصوص کیے گئے ہیں۔ ان نجی ہسپتالوں کے فوکل پرسنز بھی نامزد کر دیئے گئے ہیں۔ نجی ہسپتالوں کورونا وائرس کا کوئی بھی مشتبہ کیس رپورٹ ہونے کی صورت میں محکمہ صحت کے حکام کو آگاہ کریں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
31775