کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن پولیس کلیئرنس سرٹیفیکٹ کا افتتاح کردیا
سوات ( چترال ٹائمز رپورٹ ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالا سلام نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن پولیس کلیئرنس سرٹیفیکٹ کا افتتاح کردیا جسکے ذریعے عوام کو گھر کی دہلیز پرصرف تین دن میں پولیس کلیئر نس سرٹیفیکٹ ملے گا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈی آئی جی ملاکنڈ اختر حیات خان ،ڈپٹی کمانڈنٹ ملاکنڈ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالسلام نے اس موقع پر بتایا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے یہی خیال لے کر ملاکنڈ انتظامیہ نے کامیاب آن لائن ایف آئی آرکے بعداب آن لائن پولیس کلئیرنس سرٹفیکٹ کا آغاز کیا جسکے ذریعے اب عوام کو گھروں کے دہلیز پر صرف تین دن کے قلیل وقت میں سرٹفیکٹ ملیں گے۔ پولیس کلئیئرنس سرٹفیکٹ کا پرانا طریقہ کار انتہائی پیچیدہ تھا اور لوگ کئی کئی دن دفتروں کے چکر کاٹتے تھے لیکن اب اس پرانے طریقے سے چھٹکارہ پانے کے لئے ملاکنڈ انتظامیہ نے آن لائن کلئیرنس سرٹفیکٹ کا آغاز کیا جس کے ذریعے عوام آن لائن فارم پر کرکے تین د ن کے اندر سرٹیفیکٹ حاصل کریں گے ۔کمشنر نے مزید بتایا کہ ملاکنڈ پہلاڈویژن ہے جہاں آن لائن پولیس کلیئرنس سرٹفیکٹ کا آغاز ہوگیا ہے اس سے پہلے آن لائن پولیس کلیئرنس سرٹفیکٹ کی مثال پاکستان میں کہیں بھی نہیں ملتی ہے ۔ظہیرالاسلام نے بتایا کہ پولیس کلئیرنس سرٹیفکٹ کے علاوہ آن لائن ڈومیسائل اور جوڈیشری سسٹم بھی بہت جلد متعارف کیا جائیگا ۔جس سے نہ صرف لوگوں کو ڈومیسائل کے حصول میں مشکلات ورکاوٹیں دور ہونگی بلکہ طالبعلموں کا قیمتی وقت بھی ضائع نہیں ہوگااسی طرح جوڈیشل سسٹم آن لائن ہونے سے لوگ گھروں میں بیٹھ کر اپنے مقدموں کے تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر ترقی یافتہ ملکوں کی طرح لوگوں کو سہولیات آن لائن میسرہوں۔