کلین اینڈ گرین پاکستان مہم، تمام ڈپٹی کمشنروں اوراداروں کے سربراہوں کو فعال کردارادا کرنے کی ہدایت
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو کامیاب بنانے کے لئے صوبائی حکومت نے تمام انتظامی سیکرٹریوں ، کمشنر وں ڈپٹی کمشنروں اور تمام محکموں اور اداروں کے سربراہوں کومذکورہ مہم میں فعال اور بھرپور شرکت کرنے کی ہدایات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری اہلکاروں، مقامی لوگوں ، یونین کونسلز، تحصیل اور ڑسٹرکٹ کونسلز کے ممبران کو اس مہم میں فعال اور عملی طورپر شریک کیا جائے۔ درایں اثناء سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے محکمے کے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ صوبے بھر کے تمام سرکاری محکموں اور ضلعی انتظامیہ کے حکام سے قریبی رابطہ رکھیں اور اپنی حدود اور علاقوں کے اندر اس سلسلے میں کی جانے والے سرگرمیوں کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں بھر پور کوریج کو یقینی بنائیں۔