Chitral Times

Oct 14, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کالاش کمیونٹی کی طرف سے لگائے گئے الزامات ٹمبر مافیا کی کارستانی ہے۔۔ شہزادہ مقصود الملک

Posted on
شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ایون کے معروف شخصیت شہزادہ مقصود الملک نے کالاش کمیونٹی کی طرف سے اُن پر لگائے گئے الزامات کو ٹمبر مافیا کی کارستانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے ۔ کہ مذکورہ افراد کالاش کمیونٹی کی نمایندگی نہیں کرتے بلکہ وہ ٹمبر مافیا کے ایجنٹ ہیں ۔ اور مختلف طریقوں سے لوگوں کو اُکسا کر قانون کی گرفت سے بچنے کی ناکام کو شش کر رہے ہیں ۔ چترال پریس کلب میں ایون کے عمائدین کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ وادی اچھولگا کا مقدمہ اُن کے والد گرامی نے شروع کیا تھا۔ اور گذشتہ تیس سالوں سے مختلف عدالتوں میں یہ مقدمہ اُن کے حق میں فیصلہ ہوا ہے ۔ لیکن انہوں نے کبھی بھی قانون شکنی کرکے اُس پر قبضہ جمانے کی کوشش نہیں کی ۔ بلکہ دستاویزات کے ذریعے عدالت اور حکومت سے انصاف طلب کی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میرے اور میرے بھائی شہزادہ مسعودالملک پر اس حوالے سے اثرو رسوخ استعمال کرنے کی بات میں کوئی حقیقت نہیں ۔ اور نہ ہم نے کبھی پولیس سے رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم نے حکومت سے یہ درخواست ضرور کی ہے ۔ کہ اگر ملک میں قانون موجود ہے ۔ تو اُن کے حق میں دیے گئے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے ۔ اس میں بذات خود پولیس کا کوئی کردار نہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اچھولگا وادی میں ٹمبر مافیا نے ان ہی ایجنٹوں کو اعتماد میں لے کر تباہی مچائی ہے ۔ اور لاکھوں فٹ عمارتی لکڑی سمگلنگ کی گئی ۔ جس سے علاقہ اور اُس کے جنگلات کا حلیہ ہی بگڑ گیا ہے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش کمیونٹی کی نمایندگی کا دعوی کرتے ہوئے ہجرت کرنے کی دھمکی در اصل ان ایجنٹوں کی طرف سے عدالت اور حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش ہے ۔ جس کی ہم پُر زور مذمت کرتے ہیں ۔ اس موقع پر موجود ایون کے عمائدین ، جندولہ خان ، ناظم فضل الرحمن ،خیرالاعظم ، اور حاجی عبدالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کہ وادی اچھولگا میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے باعث سیلاب سے ایون کو بُری طرح نقصان پہنچا ہے ۔ اور ایون کی ہزاروں کنال زرعی آراضی سیلاب برد ہو چکی ہے ۔ جبکہ مزید خطرات مو جود ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بمبوریت کی یہ کالاش کمیونٹی خود کو معصوم ظاہر کرکے مزید جنگلات کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ جبکہ شہزادہ مسعود الملک اور شہزادہ مقصودالملک نے ہمیشہ جنگلات کے تحفظ کیلئے جدو جہد کی ہے ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریں
250