Chitral Times

Dec 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈی جی پاسپورٹ کی 15 دسمبر تک تمام کیٹگری کے پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم کرنے کی یقین دہانی

Posted on
شیئر کریں:

ڈی جی پاسپورٹ کی 15 دسمبر تک تمام کیٹگری کے پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) ڈی جی پاسپورٹ نے 15 دسمبر تک تمام کیٹگری کے پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیر صدرات اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں پاسپورٹ اجرا میں تاخیر کے معاملے پر بحث ہوئی۔ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کو بریفنگ میں بتایا کہ 20 سالہ پرانی مشینیں ٹارگٹ پورا کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتیں، فاسٹ ٹریک کیٹگری میں بیگ لاگ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ پرانی مشینوں سے روزانہ 75 ہزار پاسپورٹس بنتے تھے، ارجنٹ پاسپورٹ کیٹگری میں 1 لاکھ 70 ہزار کا بیگ لاگ چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گا، بیگ لاگ کی بڑی وجہ فنڈز کی کمی، پرانی مشینری اور پیپرز کی بر وقت دستیابی نہ ہونا تھی۔

 

ممبران اسمبلی بولے لوگوں کو دس دس ماہ سے پاسپورٹس نہیں مل رہے جس پر پاسپورٹ حکام نے بتایا کہ کورونا کے بعد پاسپورٹ کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا، جرمنی سے نئے پرنٹرز منگوا کر کام شروع کر دیا گیا ہے اب ایک گھنٹہ میں 4 ہزار پاسپورٹس پراسس ہوتا ہے۔چیئرمین کمیٹی نے ممبران اسمبلی کے کل تک پاسپورٹ جاری کرنے کے احکامات دے دیئے، سیکرٹری داخلہ نے کمیٹی کو بتایا فنڈز کیلئے بھیجی گئی سمری بھی وزارت خزانہ نے مسترد کر دی، کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں وزارت خزانہ حکام سے بریفنگ طلب کر لی۔

 

 

قائمہ کمیٹی داخلہ نے شہریت دینے سے متعلق قانون میں ترمیم بل کی منظوری دیدی

اسلام آباد(سی ایم لنکس) ملک کے ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے شہریت دینے سے متعلق قانون میں ترمیم کا بل منظور کرلیا جس کے تحت غیر ملکی کے بچے کی پیدائش پر پاکستانی شہریت نہیں دی جائیگی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔اجلاس میں وزارت پاور ڈویڑن نے انکشاف کیا ہے کہ اس وقت بجلی کے بلوں کی مد میں 18 کھرب ارب روپے کی ریکوری کرنی ہے جو نہیں ہو پارہی۔پی ٹی آئی کی رکن زرتاج گل نے کہا کہ میرے علاقے میں بجلی چیکنگ کی آڑ میں لوگوں پر حملہ کرتے ہیں، پولیس کے پاس بجلی چوری کے معاملات میں اختیار نہیں ہونا چاہیے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن نبیل گبول نے انکشاف کیا کہ کراچی میں بجلی چوری کے الزام میں ایک بلڈنگ کے واٹر آپریٹر کو گرفتار کیا گیا، تین ماہ بعد جیل میں ہی مر گیا، پہلے بھینس چوری کے مقدمات ہوتے تھے، اب بجلی چوری کے مقدمات درج ہو رہے ہیں۔

 

سنی اتحاد کونسل کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے بھی انکشاف کیا کہ پنجاب میں 9 ارکان اسمبلی کے خلاف بجلی چوری کے مقدمات درج ہیں۔چیئرمین کمیٹی خرم نواز نے کہا کہ آپ چھوٹے لوگوں کو اٹھا لیتے ہیں لیکن کسی بااثر شخص کو گرفتار نہیں کیا۔ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے کمیٹی کو بتایا کہ جرمنی کے پرنٹرز دنیا میں سب سے جدید ہیں، ایک گھنٹے میں 4 ہزار پاسپورٹس پراسس کیے جا سکتے ہیں، فاسٹ ٹریک کیٹگری میں بیک لاگ مکمل طور پر ختم کر دیا، ارجنٹ کیٹگری میں 1 لاکھ 70 ہزار کا بیگ لاگ ہے، آئندہ دو سے تین ہفتوں میں بیک لاگ ختم ہو جائے گا۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آئندہ میٹنگ تک ہمارے اراکین کو بلیو پاسپورٹس جاری کیے جائیں جبکہ ڈی جی پاسپورٹ نے 15 دسمبر تک ملک بھر میں پاسپورٹس کا بیک لاگ صفر کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی نے وزرات داخلہ کا شہریت کے قانون میں ترمیم کا بل پاس کر لیا، بل کے تحت کسی بھی غیر ملکی کے بچے کی پیدائش پر بھی پاکستانی شہریت نہیں دی جائیگی۔

 

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
95404