ڈپٹی کمشنرچترال نوید احمد نے بچوںکو قطرے پلواکرپولیومہم کا افتتاح کردیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد نے ہفتے کے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے ویمن اینڈ چلڈرن سیکشن واقع ژانگ بازار میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلواکر نیشنل امیونائزیشن ڈیز (این آئی ڈیز) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ای پی آئی ڈاکٹر فیاض رومی نے بتایاکہ برفباری کی وجہ سے لویر ضلعے کے کریم آباد، گرم چشمہ اور شوغور یونین کونسلوں میں جبکہ اپر چترال کے شاگرام اور یارخون یونین کونسلوں میں یہ مہم اپریل تک موخر کی گئی ہے جبکہ باقی 22یونین کونسلوں میں مہم چلایا جائے گا جس کے دوران 63736پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال نے پولیو کے خلاف مہم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیاکہ اس مہم کے سوفیصد ٹارگٹ کے حصول کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ اجائے گا تاکہ چترال پہلے کی طرح پولیو فری رہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم، کوارڈینیڑ ایل ایچ ڈبلیو پروگرام ڈاکٹر سلیم سیف اللہ، ڈبلیو ایچ او کا نمائندہ ڈاکٹر اسرار اور چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر سمیع اللہ بھی موجود تھے۔