ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا نے ناقص کارکردگی کے حامل اور بدعنوان افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کردیا
ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا نے ناقص کارکردگی کے حامل اور بدعنوان افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کردیا
پشاور (چتر ال ٹائمزرپورٹ) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صحت کے شعبے میں بہترین خدمات کی فراہمی اور موثر انتظام کے لیے پائیدار گورننس کے اصولوں کے تحت اصلاحاتی اقدامات کا آغاز کر دیاہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا نے ان افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کی ہے جن پر بے قاعدگیوں یا شکایات کا الزام ہے۔ ان تحقیقات کو ایڈمنسٹریٹو اور ڈسپلنری ریگولیشنز کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس میں ناقص کارکردگی، بدعنوانی، جاب ڈسکرپشن کے مطابق فرائض کی عدم انجام دہی، طرز عمل کے قواعد کی خلاف ورزی، اور طویل عرصے سے ایک ہی عہدے پر تعیناتی جیسے معاملات شامل ہیں۔
ان کارروائیوں کی منظوری مجاز اتھارٹی سے حاصل کی گئی ہے۔ ان افسران یا اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جن کی ناقص کارکردگی یا بے قاعدگیوں کی اطلاع ڈی ایچ او یا ایم ایس کی جانب سے موصول ہوئی ہوں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کا مقصد خدمات کی بہتری اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے، جو حکومت کا اہم ایجنڈا ہے۔ کسی بھی افسر یا اہلکار کی کارکردگی متاثر ہونے کی صورت میں ان کے خلاف سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حالیہ تقرریاں اور تبادلے انہی اصلاحاتی اقدامات کا حصہ ہیں، اور مختلف فورمز پر شکایات موصول ہونے والے اہلکاروں کا تبادلہ بھی اسی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔