Chitral Times

Mar 21, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چینی سرمایہ کارکمپنی کی خیبرپختونخوامیں سٹیل ملز لگانے میں دلچسپی

شیئر کریں:

چینی سرمایہ کارکمپنی کی خیبرپختونخوامیں سٹیل ملز لگانے میں دلچسپی
سوات کوریڈورسے 120میگاواٹ سستی پن بجلی کی خریداری کے لئے خیبرپختونخواحکومت سے رابطہ
توانائی شعبے میں نجی سرمایہ کاری سے صوبے کی معیشت کو مزید مستحکم کیا جاسکتاہے،انجینئرطارق سدوزئی

 

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) چین کی ایک سرمایہ کار کمپنی نے خیبرپختونخوامیں سٹیل ملزلگانے کے لئے توانائی کے شعبے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے چکدرہ سوات کوریڈورسے 120میگاواٹ سستی پن بجلی کی خریداری کے لئے خیبرپختونخواحکومت سے رابطہ کیا ہے۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے توانائی انجینئرطارق سدوزئی سے چینی سرمایہ کارکمپنیChina Century Steel Millsکے ایک وفد نے انکے دفتر میں خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر انجینئرطارق سدوزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں توانائی کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے صوبے میں توانائی کے قدرتی وسائل کو استعمال میں لا کرمعیشت کو مزید مستحکم کیا جاسکتاہے۔

 

خیبرپختونخوامیں بجلی کے ترسیلی نظام کومزید بہترطریقے سے چلانے کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قائم ہونے والی خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈکمپنی(KPT&GC) جلد ہی پیڈوکے مکمل ہونے والے منصوبوں سے پیداہونے والی سستی بجلی کواپنے نظام سے استعمال میں لاکر نئی تاریخ رقم کرے گی جوصوبے اوراسکے عوام کے لئے ایک اعزاز سے کم نہیں ہے۔ ایڈوائزرپاورطلاء محمدنے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ KPٹرانسمیشن اینڈ گرڈکمپنی صوبے میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری کے لئے 3میگاپراجیکٹس شروع کرے گی اوراس سلسلے میں رواں سال کالام سے مدین تک 40کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی جس پر 8ارب روپے خرچ ہونگے جو18ماہ کی مدت میں مکمل کی جائے گی۔

 

اسی طرح دوسرے مرحلے میں مدین سے چکدرہ تک 80کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی جس پر 16سے18ارب روپے لاگت کاتخمینہ لگایا گیاہے یہ منصوبہ48ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ تیسرے مرحلے میں پیڈوکے موجودہ171میگاواٹ کے تکمیل شدہ اورمزید1000میگاواٹ کے جاری منصوبوں سے پیداہونے والی سستی بجلی کوایک LOOPکے ذریعے ترسیل کا ایک جدید نظام مرتب کامنصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر چینی سرمایہ کاروفد نے بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری کے لئے مجوزہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہرکی۔ معاون خصوصی طارق سدوزئی نے چینی سرمایہ کا ری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے صوبے کی ترقی وخوشحالی کی طرف ایک مثبت اقدام قراردیاہے۔

 

 

خیبر پختونخوا حکومت نے طلبا ؤ طالبات میں مصنوعی ذہانت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کا فیصلہ

پشاور (سی ایم لنکس)خیبر پختونخوا حکومت نے طلبا ؤ طالبات میں مصنوعی ذہانت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے آگاہی پلان مرتب کرنے کیلئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دیدی، محکمہ اعلیٰ تعلیم سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق کمیٹی مصنوعی ذہانت کی نجی اور سرکاری جامعات اور کالجز میں آگاہی کیلئے آگاہی پلان مرتب کریگی، کمیٹی کے کنوینئر مشیر کوالٹی اشورنس سیل محکمہ اعلیٰ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن ہونگے۔اپنے ایک بیان میں خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کا طلبا ء و طالبات میں مصنوعی ذہانت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے بارے میں کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بیشتر کام اب مصنوعی ذہانت کی مدد سے کئے جا رہے ہیں خیبر پختونخوا کے طلباء و طالبات میں بھی مصنوعی ذہانت کی آگاہی لازمی ہے انہوں نے کہا کہ کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اندر اپنی سفارشات اور آگاہی پلان پیش کردے گی اور کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں آگاہی پلان پر عمل درآمد کی منصوبہ بندی کی جائیگی۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
98954