Chitral Times

Oct 14, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری کے زیر صدارت تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز کا اجلاس،

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ )چیف سیکرٹری محمد اعظم خان کی زیر صدارت تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ایک اجلاس آج یہاں سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر حکومتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور حکومت کی جانب سے عوام کو فراہم کردہ سہولیات کو بہتربنانے اور ان کی رفتار تیز کرنے سے متعلق کئی فیصلے بھی کئے گئے۔اجلاس کے دوران لوگوں کی مشکلات اور تکالیف کا بھی جائزہ لیا گیا اور شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ لوگوں کو مقررہ مدت کے اندر عوامی خدمات کی بہتر اور تیز ترفراہمی کو ممکن بنایا جا ئے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ریونیو ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن ضلع مردان کی طرز پر پندرہ دنوں کے اندر ، ضلعی ریکارڈ رومز میں ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن تین ماہ کے اندر کریں اور تمام زیر التوا ریونیو کیسز کو ایک ہفتے کے اندر نمٹائیں۔اجلاس میں مختلف سرکاری ملازمین کی ترقیوں ، بھرتیوں اور انکوائریوں کے مسائل بھی زیر بحث لائے گئے اورتمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ ترقیوں اور انکوائریز کے تمام کیسز ایک ماہ کے اندر جبکہ خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کیا جائے جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ نتیجہ خیز کھلی کچہریوں کا انعقاد وقتاً فوقتاً کرتے رہیں،انہیں تمام محکموں سے قریبی رابطہ رکھنے اور اس سلسلے میں ایک طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ ان کے متعلقہ اضلاع میں تمام سرگرمیوں کو بہتر طور پر مانیٹر کیا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ خدمات کی فراہمی کے ون ونڈو آپریشن قائم کر کے سہولیات کی فراہمی دس دنوں کے اندر یقینی بنائیں اور عوامی شکایات کے تدارک کیلئے رسپانس اینڈ فالو اپ طریقہ کار شروع کریں۔ڈویژنل کمشنروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ چیف سیکرٹری کی جانب سے اپنے متعلقہ دائرہ اختیار میں حکومت کے منصوبوں اور عوام کو خدمات کی فراہمی کی جانچ پڑتال اور نگرانی کریں۔مزید برآں اجلاس کے دوران ہدایت کی گئی کہ ہر ضلع میں فوری طور پر پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کی صفائی ، ٹریفک کی روانی اور انتظار گاہ کو یقینی بنایا جائے جبکہ ہر پبلک ٹرانسپورٹ اڈے میں بیت الخلاء خاص طور پر خواتین کیلئے کو تین ماہ کے اندر یقینی بنانے اور ہر ضلع میں پندرہ دن کے اندر اندر صفائی اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کی مہمات کے آغاز کی ہدایا ت بھی جاری کی گئیں اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر چترال کو ایمبولینس کے ذریعے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے واقعے کی دو دن کے اندر رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

IMG 20171010 WA0059


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
129