
چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت اجلاس، شہروں کے لئے ماسٹر پلان اور لینڈ یوز و بلڈنگ کنٹرول اقدامات کا جائزہ لیا گیا، چترال اور مینگورہ سمیت مختلف اضلاع کیلئے ماسٹر پلانز مکمل کر لیے گئے ہیں، بریفنگ
چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت اجلاس، شہروں کے لئے ماسٹر پلان اور لینڈ یوز و بلڈنگ کنٹرول اقدامات کا جائزہ لیا گیا، چترال اور مینگورہ سمیت مختلف اضلاع کیلئے ماسٹر پلانز مکمل کر لیے گئے ہیں، بریفنگ
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں اربن پالیسی اینڈ پلاننگ یونٹ (UPPU) اور لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (LUBCA) کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف شہروں کے ماسٹر پلان منصوبوں اور لینڈ یوز پلاننگ سے متعلق پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر UPPU، ڈائریکٹر جنرل LUBCA اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے نتھیا گلی، کمراٹ اور تخت بھائی جیسے اہم سیاحتی مقامات کے لیے ماسٹر پلان اور لینڈ یوز پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں کے لیے ماسٹر پلانز کی تیاری میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جن میں 16 ماسٹر پلان مکمل، 4 پر کام جاری، جبکہ 12 منصوبے زیر غور ہیں۔ مزید برآں، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد اور چارسدہ کے لیے لینڈ یوز پلانز کی منظوری دی جا چکی ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مردان، نوشہرہ، چارسدہ، خار، غلنی، کالایا، پاراچنار، وانا، میران شاہ، میر علی، پشاور، ایبٹ آباد، چترال، مینگورہ سیدو شریف، جمرود اور لنڈی کوتل کے ماسٹر پلانز مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ منصوبے شہری ترقی کے ماہرین کی مشاورت سے تیار کیے گئے ہیں، جن میں جدید منصوبہ بندی کے اصولوں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو مزید مضبوط بنانے اور منظور شدہ ماسٹر پلانز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔