
چترال گول نیشنل پارک کے بفر زون رمبور ویلی میں پہلا نان ایکسپورٹیبل مارخور کا کامیاب شکار
چترال گول نیشنل پارک کے بفر زون رمبور ویلی میں پہلا نان ایکسپورٹیبل مارخور کا کامیاب شکار
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال گول نیشنل پارک وائلڈ لائف ڈویژن کے ڈی ایف او رضوان اللہ یوسف زئی کی نگرانی میں رمبور ویلی میں نان ایکسپورٹیبل مارخور کے شکار کا کامیاب انعقاد ہوا۔ یہ رواں سال کا تیسرا اور کالاش وادی میں پہلا نان ایکسپورٹیبل شکار تھا۔ امریکی شکاری جیمز واکر کرافورڈ نے 10 سالہ مارخور کا شکار کیا، جس میں مقامی وائلڈ لائف حکام اور کمیونٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ اس ٹرافی شکار کی سینگوں کا سائز ۴۱انچ تھے جبکہ اس کے لئے شکاری نے 52000 ڈالر کے عوض محکمہ وائلڈ سے پرمٹ حاصل کیا تھا۔
اس موقع پر ڈی ایف او چترال گول نیشنل پارک رضوان اللہ یوسف زئی، رینج آفیسر وائلڈ لائف چترال گول نیشنل پارک شفیق احمد، چیئرمین چترال گول کمیونٹی ڈیولپمنٹ اینڈ کنزرویشن ایسوسی ایشن (CGCDCA) سلیم الدین، اور رمبور، شیخناندہ اور رمبور وی سی سی کے عہدیداران بشمول تعلیم خان، ربانی، شیر تاج، رحمت زار، سلطان، شیخ عنایت، ملک محمد اور دیگر مقامی کنزرویشن رضاکار شریک تھے۔
رمبور ویلی کے باشندوں نے مقامی روایات کے مطابق شکاری، وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے حکام اور کمیونٹی نمائندگان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور اس موقع پر خصوصی جشن کا اہتمام کیا۔
ڈی ایف او رضوان اللہ یوسف زئی نے اس موقع پر کہا کہ یہ شکار اس علاقے میں کامیاب کنزرویشن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رمبور کے باسی وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کنزرویشن کے عمل میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹرافی ہنٹ اس علاقے میں سیاحت، بالخصوص ایکو ٹورزم، کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
آخر میں وی سی رمبور اور وی سی سی شیخناندہ کے صدور نے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے افسران، بالخصوص سیکرٹری کلائمیٹ چینج، فارسٹری، انوائرمنٹ اور وائلڈ لائف شاہد زمان، چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف خیبر پختونخوا ڈاکٹر محسن فاروق، اور ڈی ایف او رضوان اللہ یوسف زئی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شکار مقامی کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے شاہد زمان کی خصوصی دلچسپی اور ڈی ایف او چترال گول نیشنل پارک کی انتھک محنت کے باعث ممکن بنایا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایکسپورٹیبل ہنٹنگ پرمٹ بھی جاری کیا جائے گا۔