
چترال گول نیشنل پارک کے بفرزون میں سال کا سب سے بڑا ٹرافی شکار، مارخورکی سینگوں کا سائز 55انچ ریکارڈ کیا گیا
چترال گول نیشنل پارک کے بفرزون میں سال کا سب سے بڑا ٹرافی شکار، مارخورکی سینگوں کا سائز 55انچ ریکارڈ کیا گیا
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز )چترال گول نیشنل پارک کے بفر زون میں اس سال کا چوتھا اور سب سے بڑا نان ایکسپورٹیبل مارخور کا شکارروسی شکاری Alexey kim “کیمس” نے کیا۔ شکار چترال گول کے بفر زون، سنگور ڈاک میں ہوا، اور شکار شدہ مارخور کی عمر تقریبا 14 سال اور سینگوں کا سائز 55 انچ ریکارڈ کیا گیا۔
شکار کے بعد شاہمیراندہ سنگور میں ویلج کنزرویشن کمیٹی (VCC) کے ممبران نے روسی شکاری Alexey kim، ڈویژنل فارسٹ آفیسر (DFO) رضوان اللہ یوسف زئی، اور سلیم الدین چئیرمن CGCDCA کا پرجوش استقبال کیا۔ مقامی بچوں اور عمائدین نے شکاری، ڈی ایف او، اور چترال گول کمیونٹی ڈیولپمنٹ اینڈ کنزرویشن ایسوسی ایشن (CGCDCA) کے چیئرمین کو روایتی ٹوپیاں اور ہار پہنائے۔
ولیج کنزرویشن کمیٹی کے صدر عبیداللہ، جنرل سیکرٹری سفیراللہ، اور شاہمیراندہ کے دیگر نمائندگان نے ڈی ایف او اور چیئرمین CGCDCA کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شکار کے انعقاد سے مقامی کمیونٹی کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہوئی اور یہ اقدام نہ صرف معاشی بہتری لائے گا بلکہ جنگلی حیات کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
ڈی ایف او چترال گول نیشنل پارک، رضوان اللہ یوسف زئی نے کہا کہ الحمدللہ، اس سال کے چاروں نان ایکسپورٹیبل شکار کامیابی سے مکمل ہوئے، اور تمام شکاری بہترین ٹرافیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ تاہم، کیمس کا یہ شکار سال کا سب سے بڑا اور نمایاں شکار رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کمیونٹی کی شمولیت، محکمہ وائلڈ لائف اور چترال گول نیشنل پارک کے فیلڈ اسٹاف کی محنتکا نتیجہ ہے کہ یہاں بہترین کنزرویشنکے بعد مقامی لوگوں کو اس کا ثمر مل رہا ہے۔