چترال کے گولین گول سمیت سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پاڈز لگائے جائیںگے..عاطف خان
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) ٹورازم کارپوریشن خیبر پختوخوا نے سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پاڈز لگانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے جو عید سے پہلے پہلے لگائے جائینگے۔کیمپنگ پاڈز سوات کے علاقے گبین جبہ،چترال کے گولن گول،مانسہرہ کے علاقے بیاڑی،سوات کے اناکڑ اور کوہستان کے علاقے الائی میں لگائے جائینگے۔یہ فیصلہ سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری سیاحت کامران رحمان،ایم ڈی ٹورازم جنید خان سمیت دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔سینئر وزیر نے تمام کیمپنگ پاڈز عید سے پہلے پہلے لگانے کے احکامات جاری کئے۔سینئر وزیر نے تمام سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کی فراہمی کی بھی احکامات جاری کی۔
اجلاس میں ٹورازم پولیس کی تعیناتی سمیت سیاحتی مقامات پر بس سروس کے حوالے سے بھی تفصیلی غور ہوا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو تفریح فراہم کرنے کے لئے مختلف فیسٹیول کا اہتمام کیا جائے گا۔سینئر وزیر نے سیاحتی مقامات پر صفائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاحتی مقامات پر صفائی کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔صفائی یقینی بنانے کے لئے آگاہی مہم سمیت جرمانوں کا بھی سہارا لیا جائے گا۔
…………………………………….
شہرام خان ترکئی کی محکمہ بلدیات میں آفس آٹومیشن سسٹم پر کام شروع کرنے کی ہدایت۔
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات الیکشنز وادہی ترقی شہرام خان ترکئی نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ بلدیات اور اس کے تمام ما تحت و ذیلی اداروں میں آفس آٹومیشن سسٹم اور پیپر لیس نظام لانے کے لئے عملی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ورلڈ بینک نے محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا میں آفس آٹومیشن سسٹم اور پیپرلیس نظام لانے میں مکمل تعاون پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ کے پی سیٹیز اینڈ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، اسپیشل سیکرٹری سید فرل ثقلین ڈائریکٹر جنرل بلدیات میاں عادل اقبال، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے عزیر خان، سی ای او ڈبلیو ایس ایس مردان اور سیکرٹری ایل سی بی کے علاوہ ورلڈ بینک کے اعلی سطح نمائندے اور دیگر سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر سیکرٹری بلدیات ظاہرشاہ نے محکمہ کے حوالے سے بریفنگ دی اور مجوزہ منصوبے کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر یہ بات بھی سامنے آئی کہ محکمہ بلدیات میں ای بڈنگ، ای ٹینڈرنگ، ای آکشن اور ای کولیکشن پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں ورلڈ بینک کے اعلی سطح نمائندے نے محکمہ بلدیات اور اس کے تمام ذیلی اداروں میں آفس آٹومیشن سسٹم اور پیپرلیس نظام کے لئے مکمل تعاون پر رضامندی ظاہر کی اور اس منصوبے کو جلد شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ورلڈ بینک نمائندے نے محکمہ کے انفرسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی معاونت کرنے کا عندیا دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ آفس آٹومیشن سسٹم اور پیپرلیس نظام سے جہاں محکمے میں شفافیت آئے گی وہیں محکمانہ امور بھی جلد سے جلد نمٹائے جا سکیں گے جس سے عوام کو سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے امور ڈیجیٹلائز ہونے سے ایک عام ملازم سے لے کر اعلی افسر حتیٰ کہ عام لوگ بھی محکمہ بلدیات کے اقدامات سے آن لائن آگاہی حاصل کرسکیں گے۔ شہرام خان ترکئی نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ اس منصوبے پر جلد سے جلد کام شروع کیا جائے تاکہ اسے بروقت مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیپر لیس ٹیکنالوجی سے بھی محکمانہ امور جلد نمٹانے اور ان میں شفافیت لانے میں مدد ملے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔