
چترال کے وکلا کی چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات ، انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں سے متعلق چیف جسٹس کواگاہ کیاگیا، چیف جسٹس کی چترال میں مستقل بینچ کے قیام میں بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی
چترال کے وکلا کی چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات ، انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں سے متعلق چیف جسٹس کواگاہ کیاگیا، چیف جسٹس کی چترال میں مستقل بینچ کے قیام میں بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد ( نمائندہ چترال ٹائمز ) صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئیر چترال ساجد اللہ ایڈوکیٹ کی قیادت میں چترال کے وکلا کے وفد نے آج چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کی۔وفد میں صدر ڈسٹرکٹ بار چترال ساجد اللہ ایڈوکیٹ کے علاوہ صمام علی خان ایڈوکیٹ، فضل الرحیم ایڈوکیٹ، صاحب نادر ایڈوکیٹ،نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ ، خالد حسین تاج ایڈوکیٹ اور دیگر وکلا شامل تھے۔ ملاقات میں چترال بار کے وکلا کو درپیش مسائل اور عدالتی نظام میں بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چترال بارایسوسی ایشن نے چیف جسٹس پاکستان کوجغرافیائی مشکلات کےباعث درپیش چیلنجزسے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ بینچ اوربار کا تعاون انصاف کے نظام کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔چیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے چترال کے وکلاکے لیے پروفیشنل ڈویلپمنٹ کورس کی ہدایت کی، انھوں نے وفاقی عدلیہ اکیڈمی کوچترال کے وکلا کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے چترال بار کے لیے لائبریری کی اپگریڈیشن اور مستقل بینچ کے قیام میں بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسیشن چترال نے چیف جسٹس آف پاکستان کو چترال کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے بہت جلد چترال اور بونی کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔ وفد نے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا.