چترال کے طول وعرض میں چار روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز، والدین سے تعاون کی اپیل
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) پیر کے روز ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے احاطے میں اسسٹنٹ کمشنر چترال عالمگیر خان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر افتخار نے بچوں کو قطرے پلا کر چار روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جس کے ساتھ یوسی یارخون کے ایریاتھری بروغل کے سوا تمام چوبیس یونین کونسلوں میں پولیو مہم شروع ہوگئی۔ اس موقع پر ای پی آئی کوآرڈنیٹرڈاکٹر فیاض علی رومی نے حاضرین کو بتایاکہ ا ن چوبیس یونین کونسلوں میں 73606بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے کل510ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان میں رومنگ ، ٹرانزٹ ، فیکس اور 117موبائل ٹیمیں شامل ہیں اور پولیو کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پولیو ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی دیاگیاہے ۔ ڈاکٹر فیاض رومی نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آیند بات ہے کہ چترال گذشتہ بیس سالوں سے پولیو فری ضلع چلا آرہا ہے ۔ اور یہ مقامی ہیلتھ کے اداروں ،اسٹاف کی اچھی کارکردگی اور عوام کے بھر پور تعاون سے ممکن ہوا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ سہ روزہ پولیو مہم کے دوران بچوں کو ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں۔ اس موقع پرایم ایس ٹی ایچ کیودروش ڈاکٹراسراراللہ ،ڈی ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرہسپتال چترال ڈاکٹرشیدامحمداوردیگراسٹاف بھی موجودتھے۔