Chitral Times

Jan 18, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال کے تعلیمی مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی اور طلبہ و طالبات کو تمام تر سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر تعلیم

Posted on
شیئر کریں:

چترال کے تعلیمی مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی اور طلبہ و طالبات کو تمام تر سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کا دورہ چترال

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے چترال کے مختلف سکولوں کا دورہ کیا،  دورے کے موقع پر ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور پی ٹی آئی کے مقامی عہدیدار بھی ان کے ہمراہ تھے محتلف سرکاری سکولوں کے دورے کئے، تقاریب میں شرکت کی اور ضلع چترال کے تعلیمی مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کئے صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ چترال کے تعلیمی مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی اور طلبہ و طالبات کو تمام تر سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جن جن علاقوں میں سکولوں کی ضرورت ہوگی وہاں فوری طور پر رینٹڈ بلڈنگ سکولز پروگرام کے تحت سکول قائم کیے جائیں گے اور جن جن سکولوں میں سہولیات کی کمی ہے وہ فوری طور پر مکمل کئے جائیں گے اور جہاں پر سیکنڈ شفٹ سکول کی ضرورت ہو وہاں پر فوری طور پر سیکنڈ شفٹ سکول قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت کی کہ اپر اور لوئر چترال کے تمام مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں۔

 

انہوں نے کہا کہ چترال میں شرحِ خواندگی بہت بہتر ہے اور اس کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم کے بروقت اقدامات کی بدولت سکولوں میں سائنس اور آئی ٹی لیبز کے قیام کے ساتھ ساتھ قابل اور ذہین طلبہ و طالبات کے لیے میرٹ بیسڈ سکالرشپ پروگرام شروع کیا ہے جس کی بدولت زہین اور قابل طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سکالرشپ پر انٹر تک تعلیم کے ساتھ ساتھ وظائف بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال کے دورے کے موقع پر مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی مقامی ایم پی ایز محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام طلبہ و طالبات کو مفت درسی کتابوں کی فراہمی کے لیے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور امسال تعلیمی سیشن کے آغاز پر ہی طلبہ و طالبات کو مفت درسی کتابیں ملیں گی

 

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے خصوصی احکامات کے تحت تعلیم کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے اور اس کا آغاز بھی چترال سے ہوگا جس کے تحت طلبہ و طالبات کو تعلیم کارڈ میں ہی تمام سہولیات میسر ہوں گی جو کہ موجودہ صوبائی حکومت کا ایک اہم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں اساتذہ کی دستیابی کے لیے لائحہ عمل کو بھی ختمی شکل دی گئی ہے اور عنقریب محکمہ خزانہ سے منظوری لے کر اساتذہ کی تعیناتی کے لیے اشتہار شائع کیا جائے گا جبکہ ضرورت کے تحت میرٹ پر پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے بھی عارضی اساتذہ تعینات کئے جائیں گے تاکہ ہر طالب علم کو استاد میسر ہو۔وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے مزید کہا کہ امسال 12 لاکھ سے زیادہ طلبہ و طالبات کو سکولوں میں داخل کروایا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال بھی یہی سلسلہ جاری رکھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کروایا جا سکے جبکہ وہ بچے جن کی عمر زیادہ ہے ان کو اے ایل پی سینٹرز میں داخل کرایا جاتا ہے اور ان کو شارٹ کورسز کروا کر جلد ہی مین سٹریم پروگرام میں شامل کیا جاتا ہے۔ بہترین کارکردگی کی بدولت اے ایل پی پروگرام کو مزید اضلاع تک بھی توسیع دی گئی ہے۔

 

امتحانی نظام میں بہتری کے حوالے سے وزیر تعلیم نے کہا کہ ایس ایل او بیسڈ امتحانی نظام صوبہ بھر میں رائج ہے جس سے رٹہ سسٹم کا خاتمہ ہوا ہے اور سابقہ سال کے میٹرک اور انٹر امتحانات بشمول ایم ڈی کیٹ میں بھی سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات نے بہترین نتائج دیئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سیکنڈ شفٹ سکول پروگرام ہمارا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور اس پروگرام کے بچوں نے بھی بورڈ امتحانات میں شاندار نتائج دیے ہیں اس پروگرام کو بھی خصوصاََ دورافتادہ علاقوں تک توسیع دی جا رہی ہے اور اساتذہ کی تنخواہیں بھی ریلیز کر دی گئی ہیں۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے تعلیمی بجٹ کے حوالے سے کہا کہ تعلیم ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے بجٹ میں مشکل مالی حالات کے باوجود ہر سال اضافہ کیا جاتا ہے اور امسال تعلیمی بجٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے جس کے ثمرات تمام طلبہ و طالبات کو منتقل ہو رہے ہیں۔

 

وزیرِ تعلیم فیصل خان ترکئی نے گورنمنٹ ہائی سکول برائے طلبہ کوشٹ کا بھی دورہ کیا جہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ فیصل خان ترکئی نے تعلیم کی اہمیت اور حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر اے پی ایس شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔وزیرِ تعلیم فیصل خان ترکئی نے ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور ایم پی اے مرتضیٰ ترکئی کے ہمراہ گورنمنٹ ہائی سکول بونی، اپر چترال کا بھی دورہ کیا۔ سکول پہنچنے پر ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ بونی گیسٹ ہاؤس چترال میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے ٹوپیاں پہنائیں۔ صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور ایم پی اے مرتضیٰ خان ترکئی کے ہمراہ 26 نومبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے نادر شاہ اور نواب کے اہلخانہ کے ساتھ ملاقات بھی کی۔

 

chitraltimes faisal karim kundi chitral visit upper

 

chitraltimes faisal karim kundi chitral visit 23 chitraltimes faisal karim kundi chitral visit 21 chitraltimes faisal karim kundi chitral visit 2

chitraltimes faisal karim kundi chitral visit upper3

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
96919