چترال کے امن کو برقرار رکھنے میں یہاں کے عوام کا سب سے اہم اور بنیادی کردار ہے، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کے زیرصدارت امن جرگہ میں بریفنگ
چترال کے امن کو برقرار رکھنے میں یہاں کے عوام کا سب سے اہم اور بنیادی کردار ہے، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کے زیرصدارت امن جرگہ میں بریفنگ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل بلال جاوید کی صدارت میں امن جرگہ کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ کے سیاسی ، مذہبی راہنماوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال محسن اقبال، ڈی پی او افتخار شاہ کے علاوہ فوجی اور سول حکام بھی موجود تھے۔
شرکائے اجلاس کو چترال میں امن و امان کی صورتحال اور سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ چترال کے امن کو برقرار رکھنے میں یہاں کے عوام کا سب سے اہم اور بنیادی کردار ہے اورسیکورٹی ادارے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر کہا گیا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور سیکیورٹی ادارے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال لوئر محسن اقبال نے کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آج ایک اہم موضوع پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن کا قیام ہمارا متفقہ ایجنڈا ہے اور اس پرکوئی دورائے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر امن و ترقی ممکن نہیں ، سیکورٹی ادارے اپنا کام اچھی طریقے سے کر رہے ہیں ، عوام کو بھی اپنی آنکھیں کھلی رکھ کر ملک دشمن عناصر کے بارے میں خود کو با خبر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے چترال کے عوام کی امن پسندی کو خراج تحسین پیش کیا۔
جرگے میں سیاسی ، مذہبی راہنماوں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے امن وا مان کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہم اپنے افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے افواج پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔