
چترال کا ایک اور سپوت وطن عزیز پر قربان، فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک
چترال کا ایک اور سپوت وطن عزیز پر قربان، فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گزشتہ روز وزیرستان میں ملک دشمن عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے لانس نائک امیر احمد شاہ کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاوں گرمچشمہ میں ادا کردی گئی اور فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خا ک کردیاگیا۔ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
نماز جنازہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبد السلام , پاک فوج کے افسران , سول حکام و دیگر آفسران اور مقامی افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
افسران نے قومی پرچم میں لپٹے شہید کے قبر پر پھول چڑھائے اور ان کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی۔
اس موقع پر افسران نے پیغام میں کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں۔ جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی و بقا کی خاطر اپنی جان قربان کردی۔ ہم ان جانبازوں کے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
شرپسند عناصر اپنے ناپاک عزائم سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔افسران نے شہدا کے خاندان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔