چترال کا انتخابی مخمصہ: نظر اندازی کا تسلسل – تحریر: احسان الحق
چترال کا انتخابی مخمصہ: نظر اندازی کا تسلسل – تحریر: احسان الحق
چند سال پہلے چترال لوئر اور چترال اپر میں تقسیم شدہ ضلع چترال کو رقبے کے لحاظ سے خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا ضلع ہونے کے باوجود پسماندگی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ خطے کو ناقص انفراسٹرکچر، محدود تعلیمی سہولیات، اور صحت کی دیکھ بھال کے محدود وسائل جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ان تمام مسائل کے پیچھے چترال کی انتخابی تاریخ کا کلیدی کردار ہے جو ایک طویل عرصے سے دہرائی جارہی ہے. اس کی وجہ سے یہ ضلع بڑے سرکاری منصوبوں اور ترقیاتی فنڈز سے محروم رہا ہے۔
سیاسی عمل میں، انتخابات وہ کلیدی ہتھیار ہوتے ہیں جو کسی حلقے کی ترقی کو تشکیل دیتے ہیں۔ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں لوگ اپنے نمائندوں کو اپنے حکمران منتخب کرتے ہیں۔ ملک کی وفاقی نوعیت عوام کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ دو سطح پر حکومت کے لیے اپنے نمائندے منتخب کریں جوکہ وفاقی اور صوبائی سطح کی حکومتیں ہوتی ہیں۔
کسی بھی حلقے میں ترقی اور ترقی کا پیمانہ منتخب نمائندوں کا حکمران جماعت کے ساتھ وابستگی پر منحصر ہوتا ہے۔ حکمران جماعت سے وابستگی رکھنے والوں کے پاس اپنے علاقے کی ترقی اور پیشرفت کے لیے بہتر موقع یا مقام ہوتا ہے۔
تاریخی طور پر، پاکستان میں، حکمران جماعتوں نے فنڈز اور منصوبوں کی تقسیم میں اپنے منتخب نمائندوں کو سہولت فراہم کرنے کو ترجیح دی ہے۔ اس کے برعکس، اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کو اپنے حلقوں کے لیے فنڈز اور منصوبوں کے حصول میں چیلنجز کا سامنا پوتا ہے۔
انتخابی عدم توازن کی ایسی ہی ایک مثال چترال کا حلقہ ہے، جہاں طویل عرصے سے منتخب نمائندوں کا حکمران جماعتوں کے ساتھ سیاسی وابستگی نہ ہونے کا ایک تسلسل جاری ہے جس کے نتیجے میں یہ حلقہ پسماندگی کا شکار ہے۔
گزشتہ پانچ عام انتخابات (2002ء، 2008ء، 2014ء، 2018ء اور 2024ء) میں چترال کا ووٹنگ پیٹرن اکثر قومی سیاسی منظر نامے کے برعکس رہا ہے۔ چترال کے ووٹنگ پیٹرن کے ان مختلف نتائج کی وجہ سے ضلع کو ترقیاتی شعبے میں چیلینجز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مثال کے طور پر 2002ء کے انتخابات میں چترال سے قومی اسمبلی کے منتخب امیدوار (مولانا عبدالاکبر چترالی) اور صوبائی اسمبلی کے ارکان (مولانا عبدالرحمٰن اور مولانا جہانگیر خان) کا تعلق سیاسی اتحاد، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) سے تھا جبکہ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) بن گئی۔ وابستگی کے اس فقدان نے منتخب امیدواروں کو خطے میں قابل قدر ترقی لانے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا۔
چترال نے 2008 کے انتخابات میں اسی رجحان کو پھر دہرایا، جب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وفاقی حکومت حاصل کی۔ چترال سے رکن قومی اسمبلی شہزادہ محی الدین پاکستان مسلم لیگ-قائد (پی ایم ایل-ق) سے تھے جبکہ صوبائی اسمبلی کے ارکان پی پی پی (سلیم خان) اور مسلم لیگ (ق) (غلام محمد) کے درمیان تقسیم تھے۔ اگرچہ صوبے میں پیپلز پارٹی کی موجودگی سے اس حلقے کو کچھ فائدہ ہوا، لیکن یہ ترقی لانے کے لیے ناکافی تھا۔
اسی طرح 2013 کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل-ن) نے قومی سطح پر کامیابی حاصل کی، جبکہ چترال نے آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) سے افتخار الدین کو اپنا ایم این اے منتخب کیا۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سلیم خان اور سردار حسین ایم پی اے منتخب ہوئے۔ اس عدم توازن نے ایک بار پھر چترال کی قسمت کو متاثر کیا۔
نے تاریخ میں ایک نئی سیاسی تبدیلی کا نشان لگایا کیونکہ پاکستان تحریک انصاف2018
(پی ٹی آئی) پہلی بار قومی سطح پر کامیاب ہوئی۔ تاہم، چترال ایک بار پھر ایم ایم اے سے مولانا عبدالاکبر چترالی اور مولانا ہدایت الرحمان کو بالترتیب ایم این اے اور ایم پی اے منتخب کرکے انتخابی مخمصے کے چکر میں رہا۔
2024 کے حالیہ انتخابات میں، جو 8 فروری کو منعقد ہوئے، چترال نے مرکز میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے برعکس، قومی اسمبلی کے لیے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار عبداللطیف کو ووٹ دیا۔ چترال لوئر اور چترال اپر سے بالترتیب پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ دونوں امیدوار فتح الملک علی ناصر اور ثریا بی بی صوبائی اسمبلی کی نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اپوزیشن کے نمائندوں کو منتخب کرنے کے ووٹنگ پیٹرن کا یہ تسلسل چترال کی انتخابی مخمصے اور ضلع کی مجموعی ترقی پر اس کے اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔
چترال کے انتخاب کے نتائج ضلع میں بنیادی سہولیات کی ترقی کے فقدان میں واضح ہیں۔ جغرافیائی لحاظ سے شمالی خطے میں واقع، بلند و بالا پہاڑی سلسلوں سے ڈھکا ہوا، یہ رقبے کے لحاظ سے کے پی کے کا سب سے بڑا ضلع ہے۔ اس کے شمال میں وادی بروغل سے لے کر جنوب میں وادی ارندو تک وسیع اور دور دراز علاقے ہیں۔ یہ دور افتادہ علاقے ناقص انفراسٹرکچر، ٹھوٹی پھوٹی سڑکوں اور پلوں کی وجہ سے منقطع ہیں جو رابطے اور اقتصادی ترقی کے لئے ضروری ہوتے ہیں۔ بہت سے دور افتادہ علاقوں میں یا تو رابطہ سڑکیں نہیں ہیں یا سڑکیں خستہ حال ہیں۔ بہت سے بچوں کو تعلیمی اداروں کی کمی یا تدریسی عملے کی عدم دستیابی کی وجہ سے تعلیم تک محدود رسائی حاصل ہے۔ بنیادی سہولیات کی کمی کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال کا نظام بھی غیر ترقی یافتہ ہے۔ رہائشی بنیادی طبی امداد کے لئے طویل فاصلے کا سفر کرتے ہیں.
حکمران جماعتوں کے ساتھ نمائندوں کی صف بندی نہ ہونے کی وجہ سے چترال کو ترقیاتی فنڈز کے واجب الادا حصہ سے محروم رکھا جاتا ہے۔ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومت اپنے اپنے نمائندوں کے حلقوں کو ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے چترال جیسے حلقے جہاں کے نمائندے اپوزیشن ڈیسک سے تعلق رکھتے ہوں متاثر ہوجاتے ہیں۔ اس مسلسل نظر انداز کرنے کے چکر سے ایسے حلقوں کے مسائل مزید بڑھ جاتے ہیں اور انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدے پورے نہیں ہوتے۔
چترال کے انتخابی عمل میں تبدیلی اس چکر کو توڑ سکتی ہے۔ انتخابات میں اسٹریٹجک ووٹنگ کی موافقت اس چکر کو توڑنے کا بہترین طریقہ ہے۔ اسٹریٹجک ووٹنگ میں، ووٹر نہ صرف انفرادی خصوصیات یا امیدواروں کے ساتھ روابط بلکہ ان کی سیاسی وابستگی اور قابلیت کو بھی ترقی پر اثر انداز ہونے پر غور کرتے ہیں۔ اسٹریٹجک ووٹنگ کا مطلب کسی کی اقدار اور اصولوں پر سمجھوتہ کرنا نہیں ہے، بلکہ یہ اپنے ضلع کے بہترین مفاد میں نتائج کا تجزیہ کرنے کا طریقہ ہے۔ وسیع تر معنوں میں، ووٹرز کو امیدوار کا اندازہ ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر کرنا چاہیے تاکہ وہ ان کی بہتر نمائندگی کر سکیں اور حکمران پارٹی کے فریم ورک کے اندر موثر طریقے سے ضلع کی وکالت کریں۔ یہ نقطہ نظر چترال کی صلاحیت اور پسماندگی کی موجودہ حالت کے درمیان فرق کو کم کرنے کے لیے موزوں ہے۔ اسٹریٹجک ووٹنگ اپروچ ضلع کو نظر انداز کرنے کے چکر سے باہر نکالنے کا راستہ فراہم کرسکتا ہے۔
احسان الحق
ایم- فل اسکالر، قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد