چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب حلف وفاداری، ڈپٹی کمشنر لویر چترال محسن اقبال نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا
چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب حلف وفاداری، ڈپٹی کمشنر لویر چترال محسن اقبال نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب حلف وفاداری جمعہ کے روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لویر چترال محسن اقبال نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا جن میں صدر حاجی محبوب اعظم اور کابینہ کے دیگر ارکان جاوید وزیر، محمد فاضل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان شامل تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر محسن اقبال نے چترال میں معاشی ترقی کے سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ عام آدمی کی لائیولی ہڈ کو بہتر بنانے کے لئے بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود اور پوٹنشل یہاں پرموجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ م معاشی ترقی کی اس دوڑ میں خواتین کی شمولیت کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے جوکہ اس فیلڈ میں بطور لیبر اور انٹر پرینیور شرکت کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیمبر آف کامرس کے دفاتر کی تعمیرکے لئے دو کروڑ روپے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ٹی او آرز ملنے کے فوری بعد انہیں منتقل کئے جائیں گے۔
اس سے قبل نومنتخب صدر حاجی محبوب اعظم نے چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کامیابیوں کو علاقے کے لئے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دس سالوں کے دوران اس نے چترال میں کاروباری سرگرمیوں کوفروع دے کر یہاں خوشحالی اور غربت کے خاتمہ کی کوششوں میں نمایان کردار ادا کیا۔ انہوں نے چیمبر کے بانی صدر سرتاج احمد خان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اس کی دفتر کے لئے زمین کے حصول کے ساتھ ساتھ دو کروڑ روپے کی گرانٹ بھی حاصل کی ہے اور بہت جلد ہی چترال چیمبر آف کامرس کے دفتر کی تعمیر کا کام شروع ہوگا۔
شاہی مسجد چترال کے خطیب مولانا خلیق الزمان نے اپنی صدراتی خطبے میں اسلامی تعلیمات کے مطابق تجارت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ جب تک صنعت وتجارت کو اسلامی تعلیمات کے سانچے میں نہ ڈھالا جائے تو مختلف النوع مسائل سے چھٹکار ا حاصل کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ چترال چیمبر آف کامرس کے بنیادی رکن محمد وزیر خان اور سیکرٹری جنرل سلطان محمد بیگ نے بھی خطاب کیا اور تنظیم کی کارکردگی اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
سیکرٹری جنرل چترال چیمبر آف کامرس سلطان احمد بیگ نےچترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اب تک اٹھاۓ گۓ اقدامات اور کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور آگے فیوچر پلان کے حوالے سے بھی تفصیل سے روشنی ڈالی اور چترال کی بزنس کمیونٹی اور چترال میں بزنس کو مزید پروموٹ کرنے اور مختلف سیکٹر پر مزید صوبائی و مرکزی حکومت کے ساتھ جو معاہدے ہوۓ ہیں اس پہ ملکر کام کرنے اور مختلف کاروباری اسکیموں کے اور ساتھ انٹرنیشنل اور نیشنل این جی اوز کے ساتھ ملکر چترال میں بزنس کو پروموٹ کرنے سیاحت کو فروغ دینے اور بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ فائیدہ پہنچانے کے حوالے سے جو اقدامات اٹھاۓ ہیں اس حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔