چترال پولیس کی کامیاب کاروائی، نقب زنی میں ملوث گروہ گرفتار، مسروقہ سامان برآمد
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال پولیس نے ضلع چترال میں نقب زنی کرنے والے ایک منظم گروہ کو بے نقاب کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے مسروقہ سامان برآمد کرلئے، اور اس میں ملوث ضلع اپر دیر کے محب اللہ ، بخت زیب اور مجید اللہ کو گرفتار کرلیا جوکہ رات کی تاریکی میں چترال بونی روڈ پر واقع دکانوں میں نقب زنی کرکے ایک لاکھ 59روپے مالیت کے سامان چرا کر لے گئے تھے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وسیم ریاض خان نے ان واردات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد، ایس ڈی پی او چترال ظفر احمد کو ملزمان کو بے نقاب کرنے کی ہدایت کی جس پرمقامی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاتے ہوئے انتھک محنت سے ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوکر ان سے مسروقہ سامان برآمد کرلیا جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی اپنے قبضے میں لے لی ۔ پولیس نے دوران تفتیش ملزمان سے گاڑیوں کی چار بیٹریاں بھی برآمد کرلی ۔ جن کے بارے میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے واردات کے دوران روڈ کے قریب کھڑے گاڑیوں سے نکال لئے تھے ۔ چترال پولیس کے پریس ریلیز میں ان گاڑی مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولیس اسٹیشن کوغوزی کے تفتیشی افسر اکبر عزیز سے رابطہ کرکے اپنے سامان کی نشاندہی کرکے اپنی بیٹری لے جائیں ۔ درین اثناء چترال کے عوامی حلقوں نے چترال پولیس کی اس کارکردگی کو سراہا ہے ۔