چترال میں یوم پاکستان کے موقع پررنگارنگ تقریبات، مرکزی تقریب فرنٹیئر کور پبلک سکول میں منعقد ہوئی، نئی قائم کردہ سنو ریڈیو اسٹیشن کا باضابطہ افتتاح، ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی تقریب
چترال میں یوم پاکستان کے موقع پررنگارنگ تقریبات، مرکزی تقریب فرنٹیئر کور پبلک سکول میں منعقد ہوئی، نئی قائم کردہ سنو ریڈیو اسٹیشن کا باضابطہ افتتاح، ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی تقریب
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال میں یوم پاکستان روایتی جوش وخروش سے منایاگیا۔ لویر اور اپر چترال کے اضلاع میں متعدد مقامات پر تقریبات منعقد ہوئے جن میں برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے لئے الگ وطن کے حصول کے لئے اس دن کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا گیاکہ وطن عزیز کو جدید فلاحی اسلامی ریاست بنا نے میں کوئی کسر نہیں چھوڑا جائے گا۔
یوم پاکستان کی سب سے بڑی تقریب چترال سکاوٹس کے ہیڈ کوارٹرز میں واقع فرنٹیئر کور پبلک سکول میں منعقدہوئی جس میں ایم این اے غزالہ انجم، کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل محمد بلال جاوید، ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد عمران خان، ڈائرکٹر پختونخو ا سنو ریڈیو عقیل یوسفزئی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع بھرکے سکولوں سے آئے ہوئے طلباء وطالبات نے تقریروں کے ذریعے امن کو ملک کی ترقی کے لئے بنیادی شرط قرار دیا اور کہاکہ اس سلسلے میں اہل وطن کو اپنے مسلح افواج پر مکمل اور غیر متزلزل اعتماد ہے جوکہ اس دھرتی پر بدامن پھیلانے والوں کی ناپاک عزائم کو ناکام بنائے رکھے ہیں۔ اپنے خطاب میں کرنل محمد بلال جاوید نے اس بات پر زور دیاکہ1940ء کو اسی دن منٹو پارک لاہور میں مسلمانوں نے الگ وطن کا مطالبہ اس لئے کردیاتھا کہ جہاں وہ امن وسکون کے ساتھ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوسکیں۔
انہوں نے کہاکہ یوم پاکستان سمیت تمام قومی ایام کی اہمیت کو جدید نسل کے سامنے ذیادہ سے ذیادہ واضح کرنے کی ضرورت ہے جوکہ وقت گزرنے کے ساتھ دھیمی پڑرہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر چترال محمدعمران خان نے یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ 1940ء کو 23مارچ کے دن اس قرارداد کے متفقہ طور پر پاس ہونے کے بعد جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں اسلامی مملکت پاکستان کی صورت میں دنیا کے نقشے میں رنگ بھرنے کا عہد کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں آج بھی اسی جوش اور جذبے سے اس ملک کی تعمیر کے لئے کام کرنا ہے جس جذبے کے تحت ہمارے آباواجداد نے اس کے حصول کے لئے اپنی تن من دھن کی بازی لگادی تھی۔سنو ریڈیو پختونخوا کے ڈائرکٹر عقیل یوسفزئی نے ترقی اور خوشحالی کے لئے امن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ اس ضرورت کے تحت یوم پاکستان کے موقع پر اہالیان چترال کے لئے سنوریڈیو کا تخفہ پیش کیا جارہا ہے۔
بعدازاں کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل محمد بلال جاوید نے ایم این اے غزالہ انجم، ڈی سی لویر چترال اور اسسٹنٹ کمشنر چترال ڈاکٹر عاطف جالب کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر چترال سکاوٹس کے ہیڈ کوارٹرز کے احاطے میں نئی قائم کردہ سنو ریڈیو اسٹیشن کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس موقع پر عقیل یوسفزئی نے بتایاکہ پاکستان میں یہ سب سے بڑا ریڈیو نیٹ ورک ہے اور چترال میں تین زبانوں کھوار، اردو اور پشتو میں نشریات پیش کئے جائیں گے۔
اس سے قبل یوم پاکستان کے مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب ڈی سی افس میں منعقد ہوئی ، جس میں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او چترال ، اے سی چترال اور مختلف محکمہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے پرچم کشائی کی، چترال لیویز کے جوانوں نے پرچم کو سلامی دی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی کے لئے
اسی طرح اپر چترال میں بھی یوم پاکستان انتہائی خوش وخروش سے منایا گیا ، ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی گئی ، جس کے بعد مرکزی تقریب گورنمنٹ ہائی سکول بونی میں منعقد ہوئِی ۔ جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسراپرچترال، ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داراں ، پولیس حکام اور مختلف مکاتب فکر نے شرکت کی۔