چترال میں مون سون کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز، ڈی پی او آفس میں تقریب، کمیونٹی میں مفت پودے تقسیم کئے گئے
چترال میں مون سون کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز، ڈی پی او آفس میں تقریب، کمیونٹی میں مفت پودے تقسیم کئے گئے
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال میں مون سون کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز جمعہ کے روزچترال ٹاؤن میں بلچ کے مقام پر ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کے دفتر کے احاطے میں ڈپٹی کمشنر لویر چترال محسن اقبال کے ہاتھوں دیودار کا پودا لگانے کے ساتھ ہوا جبکہ ڈی پی او لویر چترال افتخار شاہ، ڈی ایف او فارسٹ عبدالمجید، اے سی چترال ڈاکٹر عاطف جالب اور دوسرے افسران نے بھی پودے لگادئیے اور اس موقع پر کمیونٹی میں مفت پودے بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے ڈی سی لویر چترال محسن اقبال نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے عالمی تناظر میں شجرکاری ناگزیر ضرورت بن گئی ہے جس کے بغیر ہم اپنے حال اور مستقبل کو قدرتی آفات سے محفوظ نہیں بناسکتے ہیں اور کرہ ارض کی بقا ہی بڑے پیمانے پر پودے لگانے پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کی سطح پر ذیادہ سے ذیادہ شجرکاری کی مزید ضرورت ہے جوکہ اپنی محل وقوع کے لحاظ سے نہایت نازک مقام پر واقع اور مختلف قدرتی آفات کی زد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران ذیادہ سے ذیادہ تعداد میں شجرکاری کے لئے ایک ٹارگٹ مقرر کی گئی ہے جسے حاصل کرنے کے لئے مختلف محکمہ جات پولیس، ایجوکیشن، ہیلتھ، ریسکیو 1122، زراعت، فشریز کو بھی شامل کئے گئے ہیں۔ اس سے قبل ڈی ایف او فارسٹ عبدالمجید نے کہاکہ اس مہم کے دوران اپر اور لویر چترال میں 80ہزار پودے لگائے جائیں گے جس میں پھلدار اور غیر پھلدار دونوں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ فارسٹ ڈویژن چترال نے نہ صرف شجرکاری کے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے بلکہ ان کی survivalکی شرح کو بھی ذیادہ سے ذیادہ کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ جنگلات نے درخت لگانے اور ان کی حفاظت کرکے ماحول کو برقرار رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ڈسٹرکٹ پولیس افیسر افتخار شاہ نے کہاکہ شجرکاری مہم میں افرادی قوت فراہم کرکے اسے کامیاب بنانے میں پولیس کی خدمات حاضر ہیں۔
تقریب میں سب ڈویژنل فارسٹ افیسر یوسف فرہاد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نان ٹمبر فارسٹ اعجاز احمد، پولیس افسران ڈی ایس پی دروش اقبال کریم،ڈی ایس پی لوٹ کوہ تمیز الدین، ڈی ایس پی چترال سٹی سجاد حسین اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز احمد عیسیٰ کے علاوہ محکمہ تعلیم کے ڈی ای او محمود غزنوی،زراعت کے ڈپٹی ڈائرکٹر رفیق احمداور ڈاکٹر فاروق احمد، فشریز کے ہیڈ وارڈن اخترکے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی تنظیموں کے رہنماؤں اور معززین شہر نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔