چترال میں منعقدہ فری میموگرامی کیمپ اختتام پذیر،پانچ سو سے زائد خواتین کی اسکریننگ کی گئی
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) کینسئر کیئر ہسپتال لاہورکے زیراہتمام چترال میں جاری فری میموگرامی کیمپ اختتام پذیر ہوگئے، چالیس سال سے زائد عمر کے خواتین کیلئے فری میموگرامی کیمپ26جولائی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں شروع ہوئے تھے جو13اگست کو ٹی ایچ کیوہسپتال دروش میں اختتام کو پہنچے۔یہ فری میمو گرامی کیمپ آرایچ سی ہسپتال گرم چشمہ اورٹی ایچ کیوہسپتال بونی میں بھی منعقد ہوئے تاہم بونی مستوج تک روڈ خراب اور تنگ ہونے کی وجہ سے میموگرافی وین بونی سے مستوج نہ جاسکی جس کی وجہ سے مستوج میں رجسٹرڈ خواتین کو بھی بونی میں اسکریننگ کی گئی ۔
چترال کے چاروں کیمپوں میں کل 523 خواتین کے میموگرافی(بریسٹ ایکسرے) کئے گئے ۔ جبکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں اخری ایک دن کالاش کمیونٹی کیلئے مختص تھی جس میں 40سے زائد خواتین کی فری میموگرافی کی گئی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ان تمام خواتین کی ٹیسٹ رپورٹ ایک سے تین ہفتوں کے اندر موصول ہونگے ۔
دریں اثنا چترال کے مختلف مکاتب فکر نے کینسئرکیئر ہسپتال لاہور کی انتطامیہ خصوصا برگیڈئرظاہر اورتمام حکام کا شکریہ اد اکیا ہے کہ جنھوں نے چترال جیسے پسماندہ علاقے میں ٹیم بھیج کر یہاں کے لوگوں سے اپنی محبت کا اظہار کیا ، انھوں نے خصوصی طور پر ڈاکٹر اریشہ زمان اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے کہ جنھوں نے چترال کے دورآفتادہ علاقوں میں میموگرافی کیمپ کی خود نگرانی کی۔ علاقے کے عوام اور خصوصا خواتین نے امریکہ میں مقیم فرزند چترال روزیمن شاہ اور نگہت کائے کا بھی خصوصی طور پر شکریہ اداکیاکہ جنکی کوششوں سے پہلی دفعہ چترال کے دورآفتادہ علاقوں میں فری میموگرافی کیمپ منعقد ہوئے جہاں علاقے کے غریب اور نادار خواتین مستفید ہوئے۔ علاقے کے عوام نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی علاقے کی خدمت کرتے رہیں گے۔