Chitral Times

Nov 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال میں ماہی پروری کے شعبے میں بڑھے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ وزیرزادہ

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ چترال کے عوام کی خوشحالی کے لیے دیگر شعبوں کی ترقی کے ساتھ ماہی پروری کے شعبے میں بھی بڑے اہم منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن پر کام تیزتر کیاگیاہے تاکہ ان کی تکمیل سے مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع مل سکیں اورغذائی ضروریات کی پیداوار میں اضافہ ہو۔یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز پشاور میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماہی پروری خیبر پختونخوا ڈاکٹر خسرو کلیم سے ضلع چترال میں ماہی گیری کے منصوبوں بارے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ضلع چترال میں موجودہ حکومت کے دور میں شروع ہونے والے منصوبوں پر پیش رفت اور فنڈز کے حوالے تفصیل سے بات چیت کی گئی اور جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا۔ معاون خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے چترال کے عوام کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں جو کہ بے مثال ہیں اور اس کا سہرہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اورصوبائی وزیر ماہی پروری، زراعت و لائیوسٹاک محب اللہ خان کو جاتا ہے جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے چترال کے عوام کی خوشحالی کی خاطر ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے چترال میں ٹراؤٹ ویلج کے قیام کے علاوہ کولڈ واٹر فیشریز سکیم پر بھی کام جاری ہے اور اسی طرح وفاقی حکومت کی جانب سے بھی مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز میں 1500 ملین روپے کے میگا پراجیکٹس پر عنقریب کام کا آغاز ہوگا۔ بعد ازاں معاون خصوصی نے ڈائریکٹر جنرل ماہی پروری ڈاکٹر خسرو کلیم کو کیلاش کی منفرد ثقافت کے حوالے سے تحریر کی گئی کتاب بھی دی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
57343