
چترال میں بجلی کی بے جا لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری بند کی جائے، سکندر شیرپاو
چترال میں بجلی کی بے جا لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری بند کی جائے، سکندر شیرپاو
پشاور( چترال ٹائمز رپورٹ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے ضلع چترال میں بجلی کی بے ترتیب لوڈشیڈنگ کی فوری بندش کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چترال صوبے کا پسماندہ ضلع ہے اور یہاں کے عوام کو بجلی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی ضروریات زندگی میں بھرپور ریلیف ملنا چاہیے۔وطن کور پشاور میں ضلع چترال کے پارٹی رہنماء شجاع الرحمان کی سربراہی میں آئے ہوئے وفدسے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ رمضان کا مبارک مہینہ آنے والا ہے اور اس دوران ضلع چترال کے عوام کو بجلی کی فراہمی میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور اسی طرح دیگر ہائیڈروپاور کی صورت میں ضلع چترال اپنی ضرورت سے کئی گناہ زیادہ بجلی پیدا کررہا ہے لیکن بد قسمتی سے سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ بھی وہاں پر کی جاتی ہے جو کہ غیر منصفانہ عمل ہے۔انھوں نے کہا کہ گھنٹوں پر محیط بجلی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے وہاں پر پیداہونے والی ایندھن کی کمی کو پورا کرنے کیلئے لکڑی جلانے سے کام لیا جاتاہے جس سے جنگلات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جوکہ قابل تشویش امر ہے۔
انھوں نے لاوی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تاحال کام مکمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت فوری اقدامات اٹھاکر اس اہم منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائے۔انھوں نے کہا کہ لاوی پراجیکٹ کی تکمیل سے نہ چترال کے عوام کو بجلی کی مد میں ریلیف ملے گا بلکہ صوبے کی آمدن میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔انھوں نے ضلع میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھانے کابھی مطالبہ کیا۔