
چترال میں انٹرنیشنل سول ڈیفنس ڈے کے موقع پر خصوصی تقریب اور اگہی ریلی کا اہتمام
چترال میں انٹرنیشنل سول ڈیفنس ڈے کے موقع پر خصوصی تقریب اور اگہی ریلی کا اہتمام
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال میں ’’یکم مارچ انٹرنیشنل سول ڈیفنس ڈے‘‘ انتہائی جوش و جذبے اور پروقار انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر سول ڈیفنس چترال کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس کے کے رضاکار اور افسران، سرکاری اداروں کے نمائندگان، یوتھ افیرز کے نوجوانان ، اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا مقصد سول ڈیفنس کی خدمات کو اجاگر کرنا، عوام میں آگاہی پیدا کرنا، اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ضروری مہارتوں کی مشق کرنا تھا۔
ڈپٹی کمشنر چترال محسن اقبال مہمانِ خصوصی تھے جبکہ اے ڈی سی عبدالسلام ،اسسٹنٹ کمشنر چترال آفتاب منیر، سول ڈیفنس آفیسر اسماعیل جان، چیف وارڈن سول ڈیفنس سلیم الدین،ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر عثمان سیرنگ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر SIF اویس احمد ، تحصیل اسپیکر فخر اعظم اور ظہور الٰہی کوآرڈینیٹر طلحہ محمود فاؤنڈیشن بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے سول ڈیفنس کے فائر فائٹرز نے ایک شاندار عملی مظاہرہ (ڈیمو) پیش کیا جس میں آگ بجھانے، ریسکیو آپریشنز، اور ابتدائی طبی امداد کے عملی مراحل شامل تھے۔فائر فائٹرز نے جدید فائر فائٹٹنگ آلات کا استعمال کرتے ہوئے ہنگامی حالات میں ریسپانس دینے کی مہارت کا مظاہرہ کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
ڈپٹی کمشنر چترال محسن اقبال نے فائر فائٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس کے اہلکار ہر مشکل گھڑی میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہروقت تیار رہتے ہیں۔ ہمیں ان کی خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے اور ان کی مزید تربیت و سہولیات کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔
سول ڈیفنس آفیسر اسماعیل جان نے کہا کہ سول ڈیفنس صرف ایک ادارہ نہیں، بلکہ ایک قومی فریضہ ہے۔ ہمارے ملک کو درپیش قدرتی آفات، حادثات، اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے سول ڈیفنس کے رضاکار ہر وقت تیار ہیں۔ عوام میں آگاہی پیدا کرنا، انہیں ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے، اور دیگر حفاظتی تدابیر سکھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو اس مشن میں شامل کرنا ہوگا تاکہ ہر گھر میں ایک تربیت یافتہ فرد موجود ہو، جو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اپنی اور دوسروں کی مدد کر سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس چترال میں بھی جدید تربیت اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے، تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔