چترال شہر میں بارش اور بالائی علاقوںمیں برفباری، کھڑی فصلوںکونقصان
چترال ( محکم الدین ) ایک طرف ملک کے کئی شہروں میں سورج آگ برسارہا ہے . اور لوگ باران رحمت کی دعائیں کر رہے ہیں . تو دوسری طرف چترال کے بالائی علاقوں اویر ,کھوت , بگوشٹ میں گذشتہ رات برفباری ہوئی ہے .اور پہاڑی دیہات اور پہاڑوں نے ماہ جون میں برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے . جس کی وجہ سے سرد ہواوں نے چترال کے موسم کو انتہائی خوشگوار بنا دیا ہے . تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے . کہ نئی برفباری سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے . کیونکہ ان علاقوں میں صرف ایک فصل ہوتی ہے . اور حالیہ برفباری سے اس فصل کے پکنے کے امکانات بہت کم نظر آتے ہیں . گذشتہ روز سے وقفے وقفے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے نتیجے میں سرد ہواوں اور موسم کا ملک کے دوسرے شہروں سے آئے ہوئے سیاح انتہائی لطف اٹھا رہے ہیں . جبکہ عید کے دنوں سے شروع ہونے والی گرمی کی شدت بھی ماند پڑ گئی ہے . اور لوگ صبح و شام کے وقت گرم پہناوں کاسہارا لینے پر مجبور ہیں . سردی کی یہ شدت بالائی علاقوں میں زیادہ ہے .
درین اثنا اپر اور لوئر چترال کے سنگم میں واقع گاؤں شاہ چار اور ریشن کے درمیانی علاقے میں رات کو مسلادھار بارش کے نتیجے میں ایک برساتی نالے سیلاب آیا . جس سے کھونگوردیرو بوہت کے مقام پر روڈ گھنٹوں بند رہا ,جس کی وجہ سے اپر چترال اور لوئر چترال کے مسافروں کو آمدورفت میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا . چترال کی فضا منگل کے روز سے ابر آلود ہے . جبکہ بالائی پہاڑوں پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے . بارشوں کی وجہ سیلاب کے باعث دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے . اور دریا کا پانی بھی مٹی مائل ہو گیا ہے .