چترال شہر سمیت گردونواح اور اپرولوئیر چترال میں وقفے وقفے سے بارش جاری ، چترال پشاور روڈ کھول دیا گیا ، چترال بونی روڈ بند
چترال شہر سمیت گردونواح اور اپرولوئیر چترال میں وقفے وقفے سے بارش جاری ، چترال پشاور روڈ کھول دیا گیا ، چترال بونی روڈ بند
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال شہر سمیت گردونواح اور بالائی چترال میں گزشتہ دن سے بار ش وقفے وقفے جاری ہے، جبکہ اپر چترال اور لوئیر چترال کے پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے، لواری ٹنل دیر سائیڈ میں اخری اطلاع کے مطابق تین انچ تک برف پڑچکی ہے تاہم ٹریفک رواں دواں ہے۔ اسی طرح مدک لشٹ میں بھی برفباری جاری ہے۔
شدید بارشوں کے نتیجے میں مختلف ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال ہے، مختلف سڑکیں بند ہیں، دروش کے مقام پر کلدام گول میں شدید طغیانی کے باعث اتوار کے دن چترال پشاور سڑک کئی گھنٹوں تک بند رہی ، تاہم ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان کی نگرانی میں ہیوی مشینری کی مدد سے روڈ ٹریفک کیلۓ بحال کر دیا گیا ہے ۔ اخری اطلاع تک ڈپٹی کمشنر خود کلدام گول کے مقام پہ موجود ہیں۔ اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ جہاں پھنسے ہوۓ تمام گاڑیوں کو نکال دیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کا بہاو ذیادہ ہے۔ لہذا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔ اسی طرح عشریت لوئر چترال کے مقام پہ بند سڑک ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ، جہاں تحصیلدار دروش شفیع الرحمان کی نگرانی میں مذید کلیئرنس جاری ہے ۔
اسی طرح شدید بارشوں کے نتیجے میں چترال بونی روڈ بمقام نیردیت لوئر چترال لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کے لئے منقطع ہے۔
دریں اثنا ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفرالدین کی زیر نگرانی ریسکیو1122 لوئرچترال ہائی الرٹ کر دی گئی ہے مسلسل بارشوں کے باعث گرم چشمہ روڈ مختلف مقامات پر سیلابی ریلوں کے باعث بند ہونےسے متعدد گاڑیوں کی پھنسنے کی اطلاع ریسکیو1122 کو ملنے پر ریسکیو1122 کی ریکوری ٹیم نے ریکوری وہیکل کے ذریعے گاڑیوں کو سیلابی ریلوں سے ریکور کر لیا،
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کا خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات میں پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کے روز یہاں سے جاری خصوصی بیان میں انہوں نے حادثات میں پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی جبک زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی نے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور صوبے بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔