چترال شاڈوک کے مقام پر جائیداد کے تنازعے پر دو گروپوں میں تصادم، ایک جان بحق ایک زخمی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) منگل کے روز نماز ظہر سے پہلے شاہی قلعہ کے سامنے دریاپار واقع شاڈوک کے مقام پر جائیداد کے تنازعے پر دو گروہوں میں تصادم ہوا جس میں ایک شخص قتل اور ایک زخمی ہوگئے جس میں چاقو، ڈنڈے اور پتھر استعمال کئے گئے جبکہ پستول بھی فائر کئے جاتے رہے۔
مقتول تور جان کے بھائی نے تھانہ چترال میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایاکہ انہوں نے شاڈوک پائین میں برلب سڑک اپنے زرخرید زمین کو ہموار کرنے کے کام پر لگے ہوئے تھے کہ مخالف فریق کے آٹھ افراد امجد، ظہیر عالم، سجاد عالم، جواد عالم، نور، رحمت ولی ساکنان شاڈوک اور دوسروں نے ان پر ڈنڈوں سے حملہ کردیا اور چاقو زنی بھی شروع کردی جس سے ان کا بھائی تورجان کے سینے پر چاقو گھونپ دیا گیاجبکہ اسی اثناء میں ان کے سر پر اینٹ بھی لگ گئی جنہیں وہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پہنچادیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔
انہوں نے کہاکہ مخالف فریق ان کے خریدکردہ زمین کو عوامی چراگاہ سمجھ رہے ہیں۔ تھانہ چترال کے ایس ایچ او منیر الملک نے بتایاکہ ابھی تک صرف ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ مقتول کا تعلق لاچی گرام دمیل سے بتایاجاتا ہے۔