چترال سے سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی سینیٹر طلحہ محمود کی فضل الرحمان سے راہیں جدا، پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکی
چترال سے سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی سینیٹر طلحہ محمود کی فضل الرحمان سے راہیں جدا، پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکی
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹراور چترال سے سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی طلحہ محمود نے مولانا فضل الرحمان سے راہیں جدا کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔اسلام آباد میں رہنما پیپلزپارٹی نیئر بخاری، فیصل کریم کنڈی ودیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل صدر آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی تھی جس میں مجھے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کیلئے دعوت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرتا ہوں، 2006 میں ایم این اے کیلئے جمعیت علما اسلام کا ٹکٹ لیا تھا، آج تک جمعیت علما اسلام کے علاوہ کسی پارٹی میں نہیں رہا۔
سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی بدحالی اور سیاسی حالات سب کے سامنے ہیں، سب کو علم ہے پاکستان کن مسائل سے گزر رہا ہے، ہم نے پاکستان کو مشکلات سے باہر نکالنے کیلئے اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 سال وزارت داخلہ کی کمیٹی کا رکن رہا ہوں، 2021 میں سینیٹ کی سب سے بڑی کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہوا، 2022 میں فیڈرل منسٹر اسٹیٹ اور فرنٹیئر ریجن بنایا گیا، میری زندگی آپ لوگوں کے سامنے کھلی کتاب کی طرح ہے، میں نے اپنی زندگی صاف ستھری گزارنے کی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ 18 سال میں حکومت پاکستان سے تنخواہ اور نہ کوئی مراعات لیں، پاکستان کی بہتری کیلئے اپنا حصہ ڈالا، پاکستان کو سخت ضرورت ہے کہ میں نیشنل لیول پر کوئی کام کر سکوں، موجودہ حالات میں پیپلزپارٹی سے بہتر کوئی جماعت نظر نہیں آتی، پیپلز پارٹی کو جوائن کیا ہے، انہوں نے مجھے عزت دی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ میں جس کنسٹیچیونسی سے ایم این اے کی الیکشن لڑاوہاں پی ٹی آئی نے میرے ووٹ چرائے۔
کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا معاملہ، سپیکر سے جواب طلب
پشاور(سی ایم لنکس) عدالت نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی درخواست پر سپیکر صوبائی اسمبلی کو کل تک عدالت میں جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔پشاور ہائی کورٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی درخواست پر جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی نے سماعت کی۔الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر مہمند اور ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمن خیل عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز میں وکیل الیکشن کمیشن سکندر بشیر مہمند نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے مگر اب سپیکر صوبائی اسمبلی ان سے حلف نہیں لے رہے ہیں۔وکیل سپیکر صوبائی اسمبلی علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسمبلی کو کل طلب کیا ہے، ان لوگوں نے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دی اور یہاں بھی آگئے ہیں۔اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر مہمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، ایسے کیسز میں عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں، ایک آئینی عہدے دار اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا اور ممبران سے حلف نہیں لے رہا۔