
چترال سکاوٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ، 107ریکروٹ فورس میں شامل،آئی جی ایف سی مہمان خصوصی
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) چترال سکاوٹس کے26ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہفتے کے دن دروش چھاونی میں منعقد ہوئی جس میں زیر تربیت 107ریکروٹ نے کامیابی سے باقاعدہ طور پر چترال سکاوٹس میں شامل ہوگئے۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجیر جنرل راحت نسیم احمد خان نے ریکروٹوں سے حلف لیا اور پریڈ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ریکروٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسان کی زندگی کایہ دن ناقابل فراموش ہوتا ہے جس میں وہ ہر لمحہ مادر وطن پر جان نچھاور کرنے کا عظیم جذبہ لئے ہوتا ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف محاذوں پر چترال سکاوٹس کی بہادری وشجاعت کی عظیم کارناموں کا ذکرکرتے ہوئے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس پر زور دیاکہ وہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں۔ اس پروقار تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عمائیدین ، ریکروٹس کے والدین اور مختلف سکولوں کے بچوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ چترال سکاوٹس اور چترال کا تاریخی اور ثقافتی پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔ آخرمیں مہمان خصوصی عوا م وخواص میں گھل مل گئے اور تقریب کا احتتام نہایت جوش وخروش سے ہوا۔ آئی جی ایف سی نے اسالٹ کورس میں محمد اکرم ، پی ٹی کے لئے جنید احمد، بیسٹ فائرنگ کے لئے طار ق الدین اور اکیڈیمکس میں حیات نبی کو بیسٹ ریکروٹ کا انعام دیا جبکہ آئی جی ایف سی کی اعزازی شمشیر ریکروٹ محمد قاسم اور کمانڈنٹ کی اعزازی چھڑی ریکروٹ نصر ت علی کو دے دیا۔ انہوں نے بہتریں پریڈ کا مظاہر ہ کرنے پر چترال سکاوٹس کیلئے 10لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر چترال ٹاسک فور س کے کمانڈنٹ کرنل معین الدین نے ان کے گوناگوں مصروفیات سے وقت نکال کر پریڈ میں بطور مہمان خصوصی حاضر ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔