چترال اپر کے ہیڈ کواٹر بونی اور لوئیر چترال کے شیشی کوہ ویلی میں خوفناک سیلاب، متعدد گھروں کونقصان ، کئی پل سیلاب میں بہہ گئے، آبپاشی اور آبنوشی کی اسکمیں درہم برہم
چترال اپر کے ہیڈ کواٹر بونی اور لوئیر چترال کے شیشی کوہ ویلی میں خوفناک سیلاب، متعدد گھروں کونقصان ، کئی پل سیلاب میں بہہ گئے، آبپاشی اور آبنوشی کی اسکمیں درہم برہم
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ہفتہ کی دوپہر اپر چترال کے ہیڈکوارٹرز بونی اور لویر چترال کے مداک لشٹ میں گلیشیر کے پھٹ جانے سے سیلاب آیا جس سے درجنوں گھروں کو مکمل یا جزوی طور پر بہالے گیا اور ندیوں کے اوپر ایک درجن سے ذیادہ پلوں اور وسیع رقبوں پرکھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچائی جبکہ سیلاب کی شدت اتنی خوفناک تھی کہ متاثرہ علاقوں میں قیامت صغریٰ کا منظر دیکھنے میں آیا۔ بونی گول میں گلیشیائی جھیل کے پھٹ جانے سے نصف درجن کے قریب پل بہہ گئے جس سے بونی ٹاؤن کے دوحصے ایک دوسرے سے کٹ گئے۔ سیلابی ریلے نے دریائے یارخون کا راستہ کئی گھنٹوں تک روکے رکھنے کے بعد کھلنے کے نتیجے میں دریائے چترال میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ شیشی کوہ میں تار، کڑاس، ٹینگیڑ ، مدگلشٹ اور دوسرے دیہات میں سیلاب نے تباہی مچادی جہاں درجن سے ذیادہ گھرانے سیلاب سے متاثر ہوئے اور 20سے ذیادہ خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔ سیلاب سے دونوں علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرنے اور ابنوشی کے اسکیموں کا سیلاب برد ہونے سے دونوں متاثرہ دیہات میں مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دونوں متاثرہ علاقوں سے نقصانات کی مزید تفصیلات آرہی ہیں۔تاہم فلحال کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
انتظامیہ نے دونوں مقامات پر لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے، اور دریائے چترال کے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو اختیاط برتنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
دریں اثنا ریسکیو1122 اپر چترال کی ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفرالدین کی نگرانی میں ریسکیو1122 اپر چترال کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں موجود ہیں، اور سیلاب برد ہونے والے پل کی جگہ عارضی پل بنا کر مقامی افراد کو معاونت فراہم کر رہے ہیں کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں ریسکیو1122 کے ٹال فری نمبر “1122” پر رابطہ کرسکتے ہیں
ذیل تصویریں شیشی کوہ ویلی میں اج کی سیلاب کے بعد کی ہیں،