چترالی کمیونٹی ادبی یا ثقافتی پروگرامات منعقد کرانا چاہتے ہوتو متعلقہ تنظیمات سے باہمی مشاورت سے پروگرامات تشکیل دیں جو چترالی ادب، تمدن اور روایات سے متصادم نہ ہو۔ ڈپٹی اسپیکر ثریّا بی بی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریّا بی بی کی سربراہی میں صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت انجمن ترقی کھوار پشاور کے صدر رحمان اللہ طوفان نے کی۔
میٹنگ میں چترالی کمیونٹی پشاور کے مختلف ادبی ، ثقافتی اور فلاحی اداروں کے سربراہان ، سابقہ ممبران صوبائی اسمبلی ، علماء کرام ،لائر فورم ، جرنلزم کے نمائندے ، سٹوڈنٹ فیڈریشن ، انصاف کلچر اینڈ سپورٹس ایسوسی ایشن کے نمائندے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس میٹنگ کا مقصد چترالی ثقافت کے نام پر منعقد ہونے والے تمام تر پروگرامات کے انعقاد کو منظم کرانا اور مستقبل میں ایسے پروگراموں کو چترال منتقل کرنے پر غور کرنا تھا۔
ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریّا بی بی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چترال خطے اور ثقافت کے لحاظ سے بہت ہی بہترین خطہ ہے۔ اگر چترال میں ثقافت اور مقامی اشیاء کو ترقی دی جائے تو چترالی عوام کو اس کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد چترال سے منسوب پروگرامات کو روکنا نہیں بلکہ ایسے پروگرامات چترال کے اندر ہی منعقد کروائے جائیں تاکہ مقامی لوگ آسانی سے اپنے اس ثقافتی پروگرام میں شرکت کرسکیں اور اس سے نہ صرف مقامی اشیاء کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحتی اعتبار سے بھی چترال کو فائدہ پہنچے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگر چترال سے باہر چترالی کمیونٹی بھی کوئی ادبی یا ثقافتی پروگرامات منعقد کرانا چاہتے ہوتو متعلقہ سارے تنظیمات باہمی مشاورت سے ایسے پروگرامات تشکیل دیں جو چترالی ادب ،تمدن اور روایات سے متصادم نہ ہو۔
میٹنگ میں موجود تمام معززین نے اس تجویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کیں اور متفقہ طور پر ایک کمیٹی تشکیل دی۔
یہ کمیٹی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات اور فیصلہ جات ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریّا بی بی کو پیش کرے گی جسے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔






