
پیکا بل بنیادی حقوق کو محدود کرتا ہے، انسانی حقوق کمیشن کا قانون سازی پر تحفظات کا اظہار
پیکا بل بنیادی حقوق کو محدود کرتا ہے، انسانی حقوق کمیشن کا قانون سازی پر تحفظات کا اظہار
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)انسانی حقوق کمیشن پاکستان(ایچ آرسی۔پی) نے قومی اسمبلی میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پیکا بل بنیادی حقوق کو محدود کرتا ہے۔اپنے ایک بیان میں ایچ آرسی پی کے چیئرپرسن اسد اقبال بٹ کا کہنا ہے ریاست کے ڈیجیٹل اظہارِ رائے کے تحفظ کے ناقص ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر یہ بل قانون بن جاتا ہے تو یہ سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے محافظوں، صحافیوں اور اختلافِ رائے رکھنے والوں کو نشانہ بنانے کا ایک اور ذریعہ بن سکتا ہے، کیونکہ یہ ریاستی اداروں پر تنقید کو مؤثر طور پر جرم قرار دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بل کے سیکشن اے 26 میں ‘جعلی یا جھوٹی خبروں ‘ پر زور دینا تشویشناک ہے، بل کا متن ‘جعلی خبروں ‘ کی مناسب وضاحت فراہم نہیں کرتا اور اس کے بجائے ایسے مبہم نتائج کی طرف اشارہ کرتا ہے جیسے عوام میں ‘خوف، گھبراہٹ، بدنظمی یا انتشار’، مزید برآں، تین سال تک کی قید کی سزا غیر ضروری طور پر سخت ہے۔
انہوں نے کہا ڈیجیٹل مواد کو کنٹرول کرنے کے لیے 4 نئی اتھارٹیز کے قیام سے غیر ضروری اور غیر متناسب پابندیاں عائد ہوں گی، جو اظہارِ رائے اور رائے کی آزادی کو مزید محدود کریں گی، مزید یہ کہ سوشل میڈیا پروٹیکشن ٹریبونل میں اپیلوں کو براہِ راست سپریم کورٹ میں لے جانے اور اس ٹریبونل کے حکومتی نامزد ممبران پر مشتمل ہونے کی تجویز بھی باعثِ تشویش ہے، کیونکہ یہ عدالتی نگرانی کو کم اور انتظامی کنٹرول کو بڑھانے کا اشارہ دیتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایچ آرسی پی حکومت کو یاد دلاتا ہے کہ ڈیجیٹل آزادیوں کو پہلے ہی قوانین اور پالیسیوں کے ذریعے حد سے زیادہ ریگولیٹ کیا جا چکا ہے، جس سے لوگوں کے حقِ معلومات اور کنیکٹیویٹی کو نقصان پہنچا ہے، جو کہ اکیسویں صدی کی جمہوریت کے لیے ضروری ہیں۔ اس بل کو سینیٹ میں آگے بڑھانے سے پہلے کھلے اور تفصیلی مباحثے کی ضرورت ہے۔
اس وقت 10 لاکھ لوگوں کیلئے 13 جج ہیں، جسٹس منصور علی شاہ
لاہور(سی ایم لنکس)سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا ہے کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے متبادل طریقے اپنانے پڑیں گے، اس وقت 10 لاکھ لوگوں کیلئے 13 جج ہیں، ججز کی تعداد کم ہے، عدالتی نظام کے اپنے مسائل ہیں۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اے ڈی آر کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ 2023 میں پاکستان بھر میں 17 لاکھ کیسز کا فیصلہ کیا، ہمارے کیسز آج بھی ویسے ہی پڑے ہیں، ہمیں سائلین کیلئے راستہ نکالنا پڑے گا۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ زیادہ تر مسائل وکلاء کی وجہ سے ہیں، ہماری وجہ سے بھی ہیں، مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر ہوتی ہے، ہڑتال سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے مقدمات لٹک جاتے ہیں، ہمیں پرانا کلچر چھوڑنا پڑے گا، کیسز کی بھرمار سے اہم مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سوچنا یہ ہے کہ صرف ایک ہی عدالت کا دروازہ نہیں، ثالثی اور مصالحتی نظام کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، مصالحتی نظام اپنانا اب لازم ہو چکا ہے، سائل کے پاس حق ہو کہ پہلے مصالحتی طریقہ اپنائے، عدالتی اور مصالحتی نظام میں بہت بڑا فرق ہے، مصالحتی نظام میں فیس کم ہوگی، لوگوں کیمسائل زیادہ حل ہوں گے، اس نظام سے وکلاء کیلئے معاشی مسائل پیدا نہیں ہوں گے، مصالحتی نظام کے تحت ایک ہی دن میں کیسز کے فیصلے ہو سکتے ہیں۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ مصالحتی نظام ہمارے کلچر کے مطابق ہے، معاشرتی مسائل بھی پیدا نہیں ہوں گے، مصالحتی نظام کیلئے قانون سازی کی بھی ضرورت نہیں، ہم لوگوں کو ٹریننگ کروا رہے ہیں جو احسن طریقے سے مصالحت کروائیں گے، مصالحت کے نئے قانون کے بعد عدالتیں ایک سائیڈ پر چلی جائیں گی، لوگوں کو بتائیں مصالحتی نظام ان کے مسائل کا حل ہے۔