پیڈو حکام اپر چترال کو بجلی دینے کے حوالے سے تاحال لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نوٹس لیں۔چرون میں احتجاجی جلسہ۔۔۔افتخار الدین
دریں اثنا چترال سے قومی اسمبلی کے رکن شہزادہ افتخا رالدین نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اپر چترال کے لئے پیسکو سے گولین گول ہائیڈروپاؤر اسٹیشن سے بجلی لینے کے کام میں پیڈو کے حکام کی من مانیوں کا سخت نوٹس لیا جائے کیونکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اپر چترال کے عوام شدید مشکل میں مبتلا ہیں اور احتجاجی جلسے اورجلوسوں پر اتر آئے ہیں اور امن وامان کی صورت حال کسی بھی وقت خراب ہوسکتی ہے۔ مقامی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیڈو کے حکام کو صرف پیسکو کے متعلقہ پروفارما کو پر کرنا ہے لیکن ا س میں بار بار توجہ دلانے کے باوجود لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں جس سے اپر چترال کے عوام کا پیمانہ لبریز ہورہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پیسکو کی طرف سے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے جبکہ مسئلہ صرف اور صرف پیڈو حکام نے بنالیا ہے ۔ ایم این اے شہزادہ افتخار نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ حالات کے خراب ہونے سے پہلے اس مسئلے کا حل نکالا جائے جوکہ پیسکو کے حکام کے مطابق صرف ایک گھنٹے کے اندر اندر حل ہوسکتی ہے۔