پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 80 کے بجائے 70 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیرخزانہ
پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 80 کے بجائے 70 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیرخزانہ
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 70 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ ترامیم پر اختتامی تقریر میں کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 80 روپے کرنے کا بجٹ کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔ سولر پینل پر کوئی ڈیوٹی نہیں ہے۔ حکومت گرین انرجی کا فروغ چاہتی ہے۔ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد ہوگئی ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ بھی نیچے آ چکا ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ ٹیکس ٹو جی ڈی پی ساڑھے 9فیصد پر نہیں رہ سکتی اسے 13 فیصد تک لے کرجائیں گے۔محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر میں ڈیجیٹل اصلاحات،ٹیکس چوری اور کرپشن کا خاتمہ۔کیا جائیگا۔ نجکاری پلان 2 سے 3 سال کا ہے جس پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا۔
دہشت گردی کیخلاف خیبرپختونخوا کے عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف خیبرپختونخوا کے عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، 2010ء میں ہونے والے این ایف سی ایوارڈ کے تحت دہشت گردی کا شکار ہونے کی وجہ سے اس صوبے کو 590 ارب روپے اب تک دیئے گئے تاہم سی ٹی ڈی کا ادارہ صوبے میں مکمل نہیں ہو سکا، خیبرپختونخوا کی طرح دیگر صوبوں نے بھی دہشت گردی کا سامنا کیا تاہم انہیں اس مد میں کچھ نہیں ملا، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی تعیناتی کیلئے 3ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے اس حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا، اگر اس پینل میں شامل نام منظور نہیں تو آگاہ کریں ہم نیا پینل بھیج دیں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اسد قیصر کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسد قیصر لائق احترام ہیں، ان کی باتوں کو غور سے سنا ہے، انہوں نے این ایف سی کے حوالے سے بات کی ہے، این ایف سی ایوارڈ 2010 میں تشکیل پایا، اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں چاروں صوبوں نے مل کر اس پر اتفاق کیاتھا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی جس کا سب سے زیادہ شکار صوبہ خیبرپختونخوا تھا، وہاں کے عوام نے عظیم قربانیاں دیں جنہیں تاریخ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس این ایف سی ایوارڈ کا میں بھی حصہ تھا جس پر دستخط بلوچستان میں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے میں سے خیبرپختوخوا کا حصہ ایک فیصد رکھاگیا تھا جو ابھی تک اسے مل رہا ہے۔ اب تک 590 ارب روپے دہشت گردی کے خلاف ان کی کاوشوں کے اعتراف میں ملے۔ انہوں نے بلاشبہ بڑی قربانیاں دی ہیں، بلوچستان سمیت دیگر صوبوں نے بھی بڑی قربانیاں دیں تاہم انہیں کچھ نہیں ملا۔خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی تک قائم نہیں ہو سکی۔590 ارب کے باوجود سی ٹی ڈی نامکمل ہے، ہم سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کیلئے ہم نے روایت کے مطابق تین ناموں کا پینل صوبائی حکومت کو دیا کہ اس میں سے نام دیں تاہم ابھی تک جواب نہیں آیا، اگر انہیں اس پینل میں سے کوئی نام پسند نہیں تو آگاہ کریں ہم اور ناموں پر مشتمل پینل دے دیں گے۔
امریکی قرارداد پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے جو قابل قبول نہیں، دفترخارجہ
اسلام آباد(سی ایم لنکس) دفترخارجہ نے کہا ہے کہ امریکی قرارداد پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے جو قابل قبول نہیں۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے امریکی کانگریس نے زمینی حقائق کو جانے بغیر قرارداد منظور کی۔ امریکا سے ہمارے بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں۔ ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دینے کی پالیسی پر کاربند رہا جائے تو تعلقات بہتر رہتے ہیں۔ امریکی کانگریس کو پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہئیے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے قرارداد پاکستان کے داخلی امور میں غیر ضروری مداخلت ہے۔ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر رکھنا چاہتا ہے۔دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان غزہ سے اسرائیلی فورسز کی فوری واپسی کا مطالبہ کرتا ہے۔ فلسطین پر اقوام متحدہ کی انکوائری رپورٹ میں نہتے فلسطینوں کے قتل کے حوالے سے حیران کن انکشافات کییگئے ہیں۔ وقت ہے کہ غزہ میں ہونے والے مظالم کو روکا جائے۔
قومی اسمبلی نے وفاقی بجٹ 25-2024 کی کثرت رائے سے منظوری دے دی
اسلام آباد(سی ایم لنکس)قومی اسمبلی نے وفاقی بجٹ 25-2024 کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قومی اسمبلی نے 18ہزار 887 ارب روپے کا وفاقی بجٹ منظور کر لیا۔قومی اسمبلی میں بین الاقوامی فضائی سفر کیلیے ٹکٹوں پر ٹیکسوں کی شرح میں اضافے کی شق منظور کرلی گئی، یکم جولائی سے بین الاقوامی سفر کے لیے اکانومی اور اکانومی پلس ٹکٹ پر 12500 روپے ٹیکس دینا ہوگا۔یکم جولائی سے امریکا اور کینیڈا کیلئے بزنس کلاس اور کلب کلاس ٹکٹ پر ٹیکس میں 1 لاکھ روپے تک اضافے کی منظوری دی گئی ہے، یورپ کیلئے یکم جولائی سیبزنس کلاس اور کلب کلاس کے ٹکٹ پر 60 ہزار روپے اضافی ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ، آسٹریلیا کے یکم جولائی سے بزنس کلاس اور کلب کلاس کے ٹکٹ پر 60 ہزار اضافی ٹیکس عائد کیا گیا ہے، دبئی، سعودیہ سمیت مڈل ایسٹ اور افریقی ممالک کے بزنس اور کلب کلاس ٹکٹس میں 30 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔