پیٹرولیم نرخ مقرر کرنیکا حکومتی اختیار ختم کرکے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے کی تیاری
پیٹرولیم نرخ مقرر کرنیکا حکومتی اختیار ختم کرکے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے کی تیاری
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) ملک میں پیٹرولیم نرخ مقرر کرنے کا حکومتی اختیار ختم کرکے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتیں مقرر کرنے کا حکومتی اختیار ختم کرنے کی ہدایت کردی، جس کے بعد وزیر پیٹرولیم نے اہم اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔حکومت کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مرحلہ وار قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین اوگرا کو قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کے اثرات اور لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا حتمی فریم ورک وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتیں مقرر کرنے کااختیار دینے کی مخالفت کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ کھلا اختیار ملنے پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ناجائز منافع خوری کا خدشہ ہے۔