پیرامیڈیکس کونسل کے قیام کیلئے اور اس پر قانونی رائے حاصل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی
پشاور( چترال ٹائمز رپورٹ )صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں پیرامیڈیکس ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دینگے، انہوں نے پراونشل پیرامیڈیکس کونسل کے قیام کیلئے رولز اور ریگولیشنز کا جائزہ لینے اور اس پر قانونی رائے حاصل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی جوسولہ فروری تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی، وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان ہیلتھ سیکرٹریٹ پشاور میں پیرامیڈیکس ملازمین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ارشد خان کے علاوہ پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کے صدر روئیدار شاہ، اوردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وزیرصحت کو صوبہ بھر میں پیرامیڈیکس کی تعداد، ان کے سروس سٹرکچر اور اپ گریڈیشن سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ تحریک انصاف کی سابق حکومت نے پیرامیڈیکس کیلئے سروس سٹرکچر اور ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کی منظوری دی ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ پیرامیڈیکس ملازمین کے سروس سٹرکچر اور اپ گریڈیشن کا جائزہ لیں گے اور اس شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے اوراس سلسلے میں مزید اجلاس منعقد کیے جائیں گے، تاہم انہوں نے کہا کہ مراعات اور ذاتی مفادات سے بالاتر تمام ملازمین کو عوامی خدمت پر توجہ دینی چاہیے۔ ملازمین کو تمام جائز حقوق دیئے جائینگے اور انہیں احتجاج کابھی حق حاصل ہے لیکن سڑکوں پر احتجاج کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی جس سے عام لوگوں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے احتساب کا نظام مزید بہتربنایاگیا ہے جبکہ اس سے ملازمین کو پہلے سے زیادہ مراعات دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بغیر رجسٹریشن صحت کے کسی بھی شعبے میں نجی پریکٹس کی اجازت نہیں دے سکتے بلکہ تمام رجسٹرڈ پروفیشنلز کوبھی متعلقہ شعبے میں پریکٹس کرنی چاہیے بصورت دیگر عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔اجلاس میں پراونشل پیرامیڈیکس کونسل کے قیام کے مطالبے پر وزیرصحت نے ڈی جی ہیلتھ سروسز اور پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو کونسل کے قیام سے متعلق محکمہ قانون سے قانونی رائے لے گی کہ آیا اٹھارویں ترمیم کے بعد پیرامیڈیکس کونسل صوبے میں قائم کیاجاسکتا ہے جبکہ کمیٹی سولہ فروری کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس موقع پر پیرامیڈیکل کورسز ، ٹیکنالوجی اور نصاب کو بھی بہتر بنانے پر زور دیا گیاجبکہ پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن نے انہیں وقت دینے اوران کے جائز مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر وزیرصحت کے تعاون کو سراہا۔
دریں اثنا وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان کی ہدایات کی روشنی میں خیبرپختونخوا کے سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل نے خیبرٹیچنگ ہسپتال میں نجی کمپنی کے نمائندے کی مبینہ موجودگی پر ہسپتال انتظامیہ سے فوری وضاحت طلب کرلی، اپنے ویڈیو پیغام میں وزیرصحت ڈاکٹر فاروق جمیل نے کہا ہے کہ خیبرٹیچنگ ہسپتال میں مسائل کی وجہ سے ہسپتال کے سابق ہسپتال ڈائریکٹر اورمیڈیکل ڈائریکٹر کو اپنے عہدوں سے ہٹایا گیا کیونکہ انکی کارکردگی بہتر نہیں تھی، ڈاکٹر فاروق جمیل کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی کے نمائندے کی مبینہ موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہسپتال انتظامیہ معاملات بہترطریقے سے چلانے میں ناکام رہی تھی ، انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ نئے ایچ ڈی اور ایم ڈی نے حال ہی میں عہدہ سنبھالا ہے، انہیں سختی سے ہدایات دی ہیں کہ ہسپتال میں نظم وضبط قائم کرے جبکہ کسی بھی میڈیکل کمپنی کے نمائندے کو ہسپتال کے اندرجانے کی اجازت نہیں ہے لہذا تمام ہسپتال انتظامیہ بھی ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ سے معاملے سے متعلق وضاحت طلب کی ہے اوران کی ذمہ داری ہے کہ ایسے مسائل پر قابو پائے۔واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل کی جانب سے ہسپتال میں نجی کمپنی کے نمائندے کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا تھاجس پر سیکرٹری صحت نے نوٹس لے لیا ہے۔