پورے صوبے میں ڈویژنل و ضلعی سطح پر مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا جلدآغاز کیا جائے گا،عاطف خان
پورے صوبے میں ڈویژنل و ضلعی سطح پر مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا جلدآغاز کیا جائے گا، وزیر کھیل عاطف خان
صوبائی وزیر کو محکمہ کھیل وامور نوجوانان کے مختلف جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفنگ
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان،سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں صوبے میں ڈویژنل اور ضلعی سطح پر مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے انھوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان آگے بڑھیں اور کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں اور اپنے صوبے اور ملک کا نام روشن کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کھیل وا مورنوجوانان کی زیر نگرانی مختلف جاری سکیموں پر پیش رفت بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکرٹری محکمہ کھیل وامور نوجوانان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالد خان اورڈائریکٹر امور نوجوانان عرفان علی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی، اس موقع پر متعلقہ حکام نے اجلاس کو جاری سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی،
اجلاس میں صوبے میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں اور سرگرمیوں کے حوالے سے صوبائی وزیر کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ آئندہ ماہ سے صوبے میں ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر کرکٹ،والی بال سمیت دیگر روایتی کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں جن میں سکولوں، کالجز، مدارس کے بچوں اور اقلیتوں کو حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے کھیلوں کے مقابلوں میں خیبرپختونخوا انٹر ورسٹی گیمز، کے پی انٹر کالجیٹ گیمز، رمضان سپورٹس فیسٹیول، سمر سپورٹس فیسٹیول، مختلف کھیلوں کے قومی و صوبائی ٹورنامنٹس سمیت پشاور، ڈی آئی خان، بنوں،مردان کوہاٹ، ہزارہ اور سوات سمیت دوسرے اضلاع کے روایتی کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائینگے، صوبائی وزیر نے کھیلوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام مقابلوں کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور تیاریوں کی بھی ہدایت کی، انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے کیونکہ تعلیم کیساتھ ساتھ طلبہ کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے سے ان میں پوشیدہ صلاحیتیں بھی ابھر کرسامنے آسکیں گی۔