پنجاب حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو گندم کی ترسیل پر پابندی آئین کی سراسر خلاف ورزی ہے ٗ چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا
پنجاب حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو گندم کی ترسیل پر پابندی آئین کی سراسر خلاف ورزی ہے ٗ چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا حاجی محمد اقبال
پنجاب کی جانب سے غیر آئینی پابندی کے باعث خیبر پختونخو امارکیٹ میں گندم آٹے کے نرخوں میں اضافہ کا امکان ٗ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی ایگزیکٹو باڈی کا ہنگامی اجلاس ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی محمد اقبال کی صدارت میں منعقد ہواجس میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے گروپ لیڈر محمد نعیم بٹ اور دیگر اضلاع سے سینئر قیادت نے شرکت کی۔چیئرمین حاجی محمد اقبال نے پنجاب حکومت کی جانب سے غیر آئینی پابندیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے پرمٹ کے نام پر اور ناجائز چیکپوسٹوں کے قیام عمل میں لاکر بھتہ خوری کا بازار گرم کررکھا ہے۔ پرمٹ بنانے سے لے کر پنجاب اور خیبرپختونخواکے بارڈر تک 40000ہزار سے 50000ہزار تک رشوت طلب کرکے ٹرک چھوڑے جاتے ہیں۔ چیئرمین حاجی محمد اقبال نے یہ بھی کہا کہ کون سے قانون کے تحت ملک کے اندر ایک صوبے سے دوسرے تک گندم کا لے جانا اسمگلنگ کے زمرے میں آتا ہے۔ ہم ایک دفعہ پھروزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے اس زیادتی کا نوٹس لیں اور خیبر پختونخوا کی عوام کو ان کا حق دلانے میں اپنا آئینی کردار ادا کریں۔