پشاور کے مختلف یونیورسٹیز اورکالجز کے طلباء پر مشتمل وفد کی گورنرخیبرپختونخوا سے ملاقات ، طلباء وطالبات کو فیسوں، اسکالرشپس سمیت دیگر مشکلات پر تبادلہ خیال
پشاور کے مختلف یونیورسٹیز اورکالجز کے طلباء پر مشتمل وفد کی گورنرخیبرپختونخوا سے ملاقات ، طلباء وطالبات کو فیسوں، اسکالرشپس سمیت دیگر مشکلات پر تبادلہ خیال
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں سے ملک کا بہتر مستقبل وابستہ ہے اور نوجوانوں کو کسی بھی صورت مشکل میں نہیں دیکھ سکتے. نوجوانوں کو معیاری تعلیم سمیت تمام تر تعلیمی سہولیات کی فراہمی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین فرائض میں شامل ہے، خواہش ہے کہ کوئی بھی بچہ نامساعد حالات کے باعث تعلیم جیسی بنیادی ضرورت سے محروم نہ رہے، طلباء وطالبات اپنے وقت کو ضائع نہ کریں، نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی زندگی کاقیمتی وقت کتابیں پڑھنے کے ساتھ انٹرنیٹ سمیت سوشل میڈیا کو اپنی تعلیمی ضروریات کے مطابق استعمال کریں.ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز صدر پشاور یونیورسٹی کیمپس محمود صالح کی سربراہی میں یونیورسٹی آف پشاور،اسلامیہ کالج، زرعی یونیورسٹی، خیبر میڈیکل کالج، این سی ایس اور امام ابو حنیفہ کالج کے طلباء پر مشتمل مشترکہ 70 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا.
وفد نے گورنر ہاوس کی سیر بھی کی. ملاقات میں وفد نے گورنر کو طلباء وطالبات کو فیسوں، اسکالرشپس سمیت دیگر مشکلات سے متعلق آگاہ کیا، وفد نے گورنر ہاوس میں مہمان نوازی پر گورنر کا شکریہ بھی ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گورنر حاجی غلام علی صوبہ کے پہلے گورنر ہیں جنہوں نے ہر عام و خاص کیلئے نہ صرف گورنر ہاوس کے دروازے کھلے رکھے ہیں بلکہ ان کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتے ہیں.انہوں نے کہا کہ صوبہ کے پہلے گورنر ہیں جنہوں نے نہ صرف یونیورسٹیوں کا دورہ کر کے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی بلکہ گورنر ہاؤس مدعو کر کے عزت بھی بخشی ہے. وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پشاور سمیت صوبہ بھر میں یونیورسٹیوں اور کالجز میں زیر تعلیم غریب طلباء وطالبات کو اسکالرشپس کی فراہمی اور فیسیں معاف کرنے سے متعلق وائس چانسلرز سمیت متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے بات کی جائے گی اور اس سلسلے میں گورنر ہاؤس کیجانب سے بھی مکمل تعاون کیا جائے گا.
انہوں نے کہا کہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی سمیت تمام یونیورسٹیوں کو معذور بچوں کو سکالشپ پر بالکل مفت تعلیم فراہم کرنیکی ہدایت کی تھی اس طرح غریب و نادار طلباء وطالبات کو بھی سکالرشپس اور فیس معافی یقینی بنائی جائے گی تاکہ مستحق اور ہونہار طالب علم اپنی تعلیم مکمل کرسکیں اور ملک و قوم کی بہتر طریقے سے خدمت کرسکیں. گورنر نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور اس قیمتی سرمایہ کا تحفظ ہم نے یقینی بنانا ہے لیکن نوجوان بھی اپنی توانائیوں اور صلاحیتوں کا مثبت استعمال کر کے معاشرتی ترقی کا حصہ بنیں، ہمارے نوجوان آج جدید سہولیات پر مبنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اگر سہولیات زیادہ ہوں تو چیلینجز اور توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں، ملک و قوم کی نوجوانوں سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں اوران توقعات پر پورا اترنے کیلئے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ گورنرنے کہاکہ صوبائی و وفاقی حکومتیں تعلیم کے فروغ کیلئے کثیررقم خرچ کررہی ہے اور جدید سہولیات مہیاکرنے کی ہرممکن کوششیں کررہی ہیں۔طلباء کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور ملک وقوم کی بہترین طریقے سے خدمت کریں اور آگے بڑھ کر نہ صرف اپنے والدین، علاقے بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کریں۔