
پشاور بم دھماکہ، چترال بھی سوگوار،خدیجہ بی بی و دیگر رہنماؤں کی طر ف سے اظہار تعزیت
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے جائنٹ سیکرٹری خدیجہ بی بی نے یکہ توت پشاور میں اے این پی کے انتخابی جلسے میں دہشت گردی کے نتیجے میں پارٹی کے سینئر رہنما ہارون بلور سمیت پارٹی کے دیگر کارکنان کی قیمتی جانوں کی ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ فخر افغان باچا خان کے پیروکار وں کے لئے جانوں کی قربانی دینا معمول کی بات ہے اور خصوصاً بلور خاندان شہیدوں کا خاندان ہے ۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ چترال میں اے این پی کے کارکن اس واقعے پر انتہائی افسردہ ہیں اور تین دن تک سوگ منائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں پارٹی کارکن بلور خاندان کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں برابر شریک ہے ۔
دریںاثنا اے این پی دروش چترال کے دفتر میں شہید ہارون بلور کے لٸے فاتحہ خوانی جاری ہے۔ جہاںمختلف مکاتب فکر کے لوگوںکی تعزیت کیلئے آنے کا سلسلہ جاری ہے.چترال کے مختلف مکاتب فکر نے بم دھماکہ کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے اس کو ایک بزدلانہ فعل قرار دیا ہے. انھوںنے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے.